عید الاضحی پررات گئے تک کاروبار کی اجازت دی جائے:کاشف چوہدری

Jun 21, 2022

اسلام آباد(نا مہ نگار) صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ توانائی بچت کی خاطر مارکیٹیں بند کرنے کے حکومتی فیصلوں سے بجلی کی بچت ممکن نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مارکیٹوں کے دورے کے موقع پر تاجر نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا ماضی میں بھی اس طرح کے فیصلے کیے گئے مگر کبھی بھی فیصلوں پر عملدرآمدہو سکا اور نہ ہی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوا۔بلکہ اس طرح کے فیصلوں سے صنعت و تجارت کا نقصان اور امن و امان کے مسائل پیدا ہوئے۔ انہوں نے کہا سرکاری دفاتر میں دیر سے چھٹی ہونے اور شدید گرمی کے باعث خریدار عید کی شاپنگ کیلئے شام کے اوقات میں مارکیٹوں کا رخ کرتے ہیں۔اس لیے عید سے متعلقہ کاروباروں کو رات گئے تک کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت دن کے اوقات کار میں بلاتعطل بجلی فرا ہم کرے۔سرکاری دفاتر کے اوقات کار صبح 7 تا 3 بجے مقرر کیے جائیں تو تاجر دکانیں صبح جلدی کھولنے اور شام کو جلدی بند کرنے کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا ہر حکمران اپنی کوتا ہیوں ،غلط فیصلوں کا بوجھ تاجر برادری اور عوام پر ڈالنے کی کوشش کرتا ہے، جس سے تجارت کرنا مشکل اور عام آدمی کیلئے زندگی اجیرن بن جاتی ہے۔اس لیے حکمرانوں کو چاہیئے کہ وہ عوام دوست فیصلے کریں۔بجلی کی قیمتوں کو کم اور بغیر لوڈشیڈنگ  فراہمی یقینی بنائی جائے۔بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے تاجروں اور عوام کو اذیت و کرب میں مبتلا کر رکھا ہے۔ تباہ حال معاشی حالات سے متاثر کاروباری طبقہ کیلئے کاروبار کرنا ناممکن ہو چکا ، جس سے معاشرے میں بیروزگاری اور انارکی جنم لینے کے خطرات موجود ہیں۔اس لیے حکومت کو سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے دانشمندانہ فیصلے کرنے چاہیں۔

مزیدخبریں