لاہور( نیوز رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر سینیٹر اعجاز احمد چوہدری نے کہاہے کہ قوم پر مسلط ناجائزامپورٹڈ حکومت کی وجہ سے آج نیب ترمیمی قانون نافذ کردیا گیا ایک سیاہ باب کا اضافہ اورایک سیاہ دور کا آغازہو ا ۔ جس سے ملک کے چور وں کے 1200 ارب روپے کے مقدمات نیب کے دائرہ کار سے باہر ہو گئے۔ اس کے نفاذسے امپورٹڈ حکومت کے کرائم منسٹر اور 60% ارکان کابینہ چوری اور ڈکیتی کا مال ہڑپ کرسکیں گے۔ انتہائی شرم کا مقام ہے کہ امپورٹڈ حکومت نے این آر او حاصل کر لیا۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کے خلاف چیئرمین عمران خان کی کال پر گزشتہ رات ملک بھر میں عوام نے لاکھوں کی تعداد میں شرکت کر کے امپورٹڈ حکومت کو مسترد کر دیا ہے۔ حالیہ مہنگائی کا طوفان عالمی اداروں کی محتاجی اور استعمار کی غلامی کا شاخسانہ ہی قابل قدر ہے۔ وہ قوم جو مسائل کا ادراک رکھتی ہے اور ان کے حل کیلئے کوشاں ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب امپورٹڈحکومت کا خاتمہ ہوگا اور عوام سکھ کا سانس لے گی۔ قوم باشعور ہے۔ وہ باخوبی جانتی ہے کہ پاکستان کس دورمیں گرے لسٹ میں شامل ہواتھا اور کس حکومت کی عملی کاوشوں کے نتیجے میں اس کی وائٹ لسٹ میں واپسی کی راہ ہموار ہوئی۔ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے جتنی اصلاحات کیں خوش قسمتی سے ان کے ثمرات وقت سے پہلے سامنے آناشروع ہو گئے ہیں۔