لاہور (خصوصی نامہ نگار) یا رسول اللہؐ خون کے آخری قطرے تک آپؐ کی ناموس کیلئے لڑیں گے۔ گستاخی رسول پر مودی حکومت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ فرانس کی طرح بھارتی مصنوعات کا بھی بائیکاٹ کیا جائے۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں۔ بھارت سے تجارت کسی صورت میں قبول نہیں ہے۔ عمران حکومت کی کوشش سے 15 مارچ کو اسلامو فوبیا کے خلاف دن منانے کے یو این کے فیصلے کے بعد انبیاء کرامؑ کے خلاف بات کرنے کے متعلق بھی اقوام متحدہ قرارداد منظور کرے۔ اقوام متحدہ اور او آئی سی اپنی اپنی قراردادیں بھارت کے خلاف منظور کریں۔ یہ مشترکہ اعلامیہ سندر شریف پاکستان تحریک انصاف مذہبی امور ونگ کے صدر و اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن سجادہ نشین سندر شریف پیر سید محمد حبیب عرفانی کی زیرصدارت ’’حرمت رسول کانفرنس‘‘ میں مشائخ و علماء نے متفقہ قرارداد میں کیا۔ کانفرنس کے بعد سندر شریف میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ احتجاجی ریلی سے سید محمد حبیب عرفانی اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے خطاب کیا اورکانفرنس کے مؤقف کو دہرایا۔ سید محمد حبیب عرفانی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریمؐ کی حرمت تمام موں پر فرض ہے۔ اگر کوئی سن کر خاموش رہتا ہے تو اس کے ایمان پر بھی سوال ہے۔ پیر سید عامر حسین گیلانی‘ پیر بابا محمد شفیق بٹ‘ سید شاہد حسین گردیزی‘ علامہ محمد حسین گولڑوی‘ علامہ محمد امین ساجد‘ خواجہ محمد اکمل اویسی‘ سابق وفاقی وزیر حماد اظہر‘ علامہ محمد اصغر عارف نے بھی خطاب کیا۔