لندن (نوائے وقت رپورٹ) لندن میں ریلوے کی 30 سالہ تاریخ کی سب سے بڑی ہڑتالیں آج سے شروع ہوں گی، ہڑتالوں میں 13 ٹرین آپریٹرز کے 40 ہزار سے زائد ورکرز حصہ لیں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق آج سے آئندہ چھ دن تک لاکھوں افراد کو ٹرین سے سفر میں مشکلات ہوں گی، ہڑتالیں منگل، جمعرات اور ہفتے کو ہوں گی۔ صورتحال کی بہتری کیلئے مذاکرات جاری ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ٹرانسپورٹ فار لندن نے مسافروں کو پیدل یا سائیکل پر سفر کرنے کا مشورہ دیا ہے، آر ایم ٹی یونین نے ملازمین کی برطرفیوں کے خلاف ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے، آر ایم ٹی یونین نے تنخواہوں میں اضافے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ ہڑتال کے دوران 20 ہزار سے زائد سروسز کی بجائے صرف ساڑھے 4 ہزار سروسز فراہم کی جائیں گی۔ ہڑتال کے اعلان کے بعد نیٹ ورک ریل نے 20 سے 26 جون تک نیا ٹائم ٹیبل جاری کردیا۔ ہڑتال والے دن ٹرین صبح ساڑھے7 سے شام ساڑھے 6 بجے تک چلیں گی۔
ریلوے ہڑتال