یونین کونسل 77 اور 88میںبدبو ، شہریوں کا گزرنا محال ،فضل ٹائون، فیصل کالونی ،گلزار قائد میںکچرا ڈرم بھی  خالی نہیں کیے جاتے  

Jun 21, 2022


راولپنڈی (اکمل شہزاد سے)آر ڈبلیو ایم سی مختلف یونین کونسلوں میں صفائی تو دور کے بات کچرا ڈرم کو بھی روزانہ کی بنیاد پر خالی کرنے میں بری طرح ناکام ہو گیا، محکمہ روزانہ کی بنیاد پر صرف صفائی آگاہی مہم کی پریس ریلیز جاری کرنے تک محدود ہو گیا، راولپنڈی کی یونین کونسل 77 اور 88میں گندگی کی بھرمار ہے ، فضل ٹائون، فیصل کالونی منگٹال ٹائون، گلزار قائد میں صفائی تو دور کی بات ہے کچرے  کے ڈرم تک خالی نہیں کئے جاتے جس کی وجہ سے ڈرموں کے ارد گرد کوڑا کرکٹ اور گندگی کے ڈھیر لگ جاتے ہیں، بارش کی وجہ سے ایک تو گندگی گلیوں اور سڑکوں پر پھیل جاتی ہے دوسری جانب تعفن اور بدبو پھیلنے کی وجہ سے سڑک اور گلی سے گزرنا بھی محال ہو جاتا ہے، گندگی کے باعث علاقے میں مچھروں کی بھی بھرمار ہے ، گزشتہ سال بھی یہ علاقے ڈینگی کے حوالے سے بھی خطرناک قرار دیئے گئے تھے۔
، شہریوں کے مطابق راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کی سینٹری ورکر ہفتے میں ایک دن صفائی کیلئے آتے ہیں ، ڈرموں سے کوڑا اٹھانے والی گاڑی کئی کئی ہفتے ادھر کا رخ نہیں کرتی جس وجہ سے گلی محلوں اور سڑکوں پر ڈرموں کے اردگرد کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگ جاتے ہیں جس کی وجہ سے علاقوں میں وبائی امراض پھیل رہے ہیں، شہریوںنے کہا کہ اب تو یوں محسوس ہوتا ہے کہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ صرف اخباروں کی شہ سرخیوں میں ہی صفائی کرتا ہے ہمارے علاقوں کی طرف تو کوئی بھی توجہ نہیں دی جا رہی اس کا واضح ثبوت فیضل ٹائون اور مرکزی اولڈ ایئر پورٹ کا سروس روڈ ہے جو گندگی اور کوڑا کرکٹ سے بھر ا پڑا ہے اور بارش کے دنوں میں گندے جوہڑ کا منظر پیش کر رہا ہوتا ہے۔

مزیدخبریں