لاڑکانہ(بیورو رپورٹ) لاڑکانہ شہر کے ٹائون کمیٹی حیدری کی یونین کمیٹی تین پر نامزد جی ڈی اے کے چیئرمین امیدوار رافع علی عباسی کے لیے جی ڈی اے رہنما ہوش محمد ملگانی کی جانب سے لب مہران ولید روڈ پر عوامی جلسے کا انعقاد کیا گیا جس میں جی ڈی اے کے مرکزی جنرل سیکریٹری اور لاڑکانہ عوامی اتحاد کے رہنما ڈاکٹر صفدر علی عباسی، جے یو آئی رہنما ناصر محمود سومرو، رکن سندھ اسیمبلی معظم علی عباسی، جسقم چیئرمین ریاض چانڈیو، دیدہ دل غفاری، یوسی چیئرمین امیدوار علی حسن ڈاہانی سمیت علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 15 سال سندھ پر حکومت کرنے والے وزرا، بیورو کریسی اور مشیروں نے اقتدار کا مزہ تو لیا لیکن جب انتخابات آئے تو ان کا اتنا حال برا تھا جو ہاتھ جوڑ کر عوام سے ووٹ مانگنے لگے جو انتہائی شرم کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینجھر، کوئلہ اور جزائر بیچ کر سندھ کو بنجر بنادیا گیا ہے اب انہیں ووٹ لینے کا کوئی حق نہیں، عوام سب سمجھ چکی ہے کیونکہ اقتدار کے ہوتے ہوئے عوام کی حمایت نہ ملنا پیپلز پارٹی کی شکست کا واضع ثبوت ہے ۔شہر کی گلیاں اور بجلی ٹرانسفارمر ٹھیک ہونے لگے، نوکریاں بھی ملنے لگیں کیونکہ پیپلز پارٹی کو شکست واضع نظر آنے لگی تھی، انہوں نے کہا کہ سیاسی منشی کو پہلے بھی عوام نے رد کیا تھا اس بار بھی رد کرچکی ہے کیونکہ لاڑکانہ معظم علی عباسی کا ہے اور رہے گا۔سندھ کی عوام حکمرانوں کی نااہلی سے سوکھی روٹی کھانے پر مجبور ہے اور مستقبل کے نوجوانوں کے گھروں میں فاقہ کشی ہے، ہمارے گھر، کارخانے گیس سے محروم ہیں اور اگر انصاف ہوتا تو 15 سال چوری کرنے والے جیل میں ہوتے انہوں نے کہا کہ یہ جنگ لاڑکانہ کی آزادی کی جنگ ہے 15 سال لاڑکانہ پر قابض ٹولے کا تعلق اصل پیپلز پارٹی سے نہیں ہے، انہوں نے شہید بی بی کے تیر کو ختم کردیا ہے ۔