ملتان (نمائندہ نوائے وقت ) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی نائب صدر قربان فاطمہ نے کہا ہے کہ 17 جولائی کا دن تحریک انصاف کی کامیابی کی نوید لیکر آئے گا۔ یہ ضمنی الیکشن پاکستان کی آئندہ کی سیاست کے رخ کا تعین کرے گا۔ پاکستان کے عوام اگر حقیقی آزادی چاہتے ہیں تو انہیں ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدواروں کو کامیاب کرنا ہوگا۔ یہ الیکشن جماعتوں کا نہیں بلکہ دو نظریوں اور دو بیانیو ں کا الیکشن ہے۔ ایک نظریہ عمران خان کا نظریہ جو ملک سے کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں اور دوسرا نظریہ 11جماعتوں کا نظریہ ہے جن کا نقطہ نظر اقتدار اور مفادات کی سیاست ہے جو اپنے مفادات کے حصول کیلئے چور دروازے سے اقتدار میں آئے۔ اب وقت آگیا ہے پاکستان کی عوام کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ فرسودہ‘ استحصالی نظام اور بوسیدہ و کرپٹ نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں یا غلامی کی زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز پی پی 217 کے ضمنی الیکشن کے سلسلہ میں یونین کونسل 47 کوہ نور کالونی اور سورج کنڈ روڈ پر خواتین کی ٹیم کے ہمراہ ڈور ٹو ڈور کمپین اور وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیاپی ٹی آئی رہنما فوزیہ بلوچ اور دیگر خواتین بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھیں ۔
ضمنی الیکشن ملک کی آئندہ سیاست کارُخ متعین کریگا: قربان فاطمہ
Jun 21, 2022