سمندر میں 10 روز سے پھنسے 2 عمانی ماہی گیروں کو بچا لیا گیا

کراچی (نیوز رپورٹر)پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور پاکستانی ماہی گیر کشتی کسویٰ نے10  روز سے سمندر میں پھنسے 2 عمانی ماہی گیروں اور ان کی کشتی کو سمندری طغیانی سے بچالیا اور بحفاظت کراچی لے آئے۔تفصیلات کے مطابق9 جون کو 2 عمانی شہری عمانی ساحلی شہر الاشخرہ میں ماہی گیری کے دوران اپنی کشتی کے انجن میں خرابی کی وجہ سے سمندر میں پھنس گئے۔ وہ دس دن تک سمندر کی طغیانی  میں پھنسے رہے اور پاکستانی پانیوں تک پہنچنے ہوئے 250 ناٹیکل میل سے زیادہ کا فاصلہ طے کیا۔ 18 جون کو پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کو پاکستانی سمندری علاقوں میں لاپتہ عمانی اہلکاروں کی ممکنہ موجودگی کے بارے میں معلومات حاصل ہوئیں جس کے بعد عمان کے ساتھ ہم آہنگی اور ضروری معلومات اکٹھا کرنے کے بعد پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی  نے اپنے میری ٹائم  طیارے اور ایک بحری جہاز کو تلاش اور بچا کا کام سونپا جو اپنے مشن میں کامیاب ہوئی۔
 سمندر کی انتہائی خراب حالت کے باوجود، عمانی اہلکاروں اور ان کی کشتی دونوں کو بحفاظت نکال کر کراچی لایا گیا جہاں عمان کے قونصلیٹ جنرل  محمد نصیر المبسلی نے ان کا استقبال کیا اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور  پاکستانی ماہی گیر کشتی کسویٰ کا شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر دی نیشن