ملتان( محمد نوید شاہ سے ) ضلع ملتان کی سیشن ، سول و مجسٹریل کورٹس میں زیر سماعت کیسز کی تعداد میں ریکارڈ کمی واقع ہوگئی۔ گزشتہ سال کی نسبت وکلا کی عدالتوں میں حاضری نمایاں رہی جبکہ ججز کی تعداد میں اضافہ اور کرونا وبا کا خاتمہ ہو جانا مقدمات کے نمٹانے کی اہم وجہ قرار پائے ہیں۔ اب بھی قتل، ڈکیتی، زیادتی، طلاق، نان و نفقہ، جہیز ،حق مہر، تشدد، چوری، فراڈ، خیانت، قبضہ، ہراسمنٹ، اندراج مقدمہ، اقدام قتل، حبس بے جا، ضمانتوں، سول اپیلوں، رینٹ کیسز، اوور سیز پاکستانیوں کے کیسز، منشیات، شراب، عملدرآمد کیسز، حکم امتناعی سمیت دیگر ہزاروں مقدمات اب بھی فیصلے کے منتظر ہیں۔ ملتان میں زیر التواء فوجداری اور سول مقدمات کی مجموعی تعداد گزشتہ سال ماہ دسمبر میں 69 ہزار 9 سو 62 تھی ۔ اب اس سال کے چھٹے ماہ میں یہ تعداد کم ہوکر 59 ہزار 3 سو 89 پر آگئی ہے۔ اس سلسلے میں وکلاء مرزا فرخ بیگ ، شاہد خان ، اور چودھری خالد وقار نے کہا ہے کہ نیشنل جوڈیشل پالیسی پر عملدرآمد اور ضلعی عدالتوں میں ججز کی کمی کو پورا کرکے مقدمات کے فیصلے جلد کیے جائیں۔ لاکھوں سائلین کے مقدمات لٹکے ہوئے ہیں جو فوری طور پر انصاف چاہتے ہیں۔
کیسز
ملتان : ماتحت عدالتوں میں زیر سماعت کیسز میں نمایاں کمی
Jun 21, 2022