برطانوی تجارتی سکیم بحال: پاکستان 94فیصد مصنوعات ڈیویٹی فری برآمد کرسکے گا

Jun 21, 2023

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) جی ایس پی کی جگہ نئی ٹریڈنگ سکیم کے تحت پاکستان کی 94 فیصد مصنوعات کو برطانوی مارکیٹ تک ڈیوٹی فری رسائی مل گئی۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ نے پاکستان سمیت 65 ملکوں کے لیے نئی ٹریڈنگ سکیم پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت پاکستان کی 94 فیصد مصنوعات کو برطانوی مارکیٹ تک ڈیوٹی فری رسائی مل گئی ہے۔ ڈیوٹی فری  رسائی مل جانے کے بعد پاکستان کو ٹیرف کی مد میں 12 کروڑ برطانوی پاؤنڈ کی بچت ہو گی۔ سکیم سے فائدہ اٹھانے  کے لیے  ہیومن اور لیبر رائٹس پر عمل درآمد یقینی بنانا ضروری ہے۔ نئی سکیم کے تحت پاکستان، برطانیہ کو 94 فیصد مصنوعات ڈیوٹی فری ایکسپورٹ کر سکے گا جبکہ مزید 156 مصنوعات پر بھی ٹیرف ہٹائے جانے کا امکان ہے۔ برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت کا موجودہ حجم 4.4 ارب پاؤنڈ ہے جس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ نئی سکیم سے پاکستان سمیت 65 ملکوں کو فری اینڈ فیئر ٹریڈ کا موقع ملے گا۔ اصلاحات کے ذریعے تجارت کے معیار میں بہتری آئے گی اور برطانوی ٹریڈ سینٹر کے ذریعے عالمی تجارتی نظام میں شمولیت کا موقع ملے گا۔ اس حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ نئی سکیم پاکستان اور برطانیہ کے تجارتی تعلقات میں بڑی پیش رفت ہے، اس سے پاکستان کی برطانیہ  کے لیے برآمدات میں اضافے کے ساتھ باہمی اقتصادی تعلقات بھی مستحکم ہوں گے۔ نئی سکیم سے37 افریقی اور 26 ایشیائی ملکوں کو فائدہ ہو گا۔ ان ملکوں کی برطانیہ کو مجموعی برآمدات کا حجم 21 ارب پاؤنڈ ہے۔

مزیدخبریں