اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) انٹر ایجنسی ٹاسک فورس کا ساتواں اجلاس ایف آئی اے ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محسن حسن بٹ نے کی۔ اجلاس میں ڈی جی نیشنل پولیس بیورو احسان صادق، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز اور ایف آئی اے کے ڈائریکٹرز بھی شریک تھے۔ اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی و صوبائی و آزادکشمیر پولیس، کوسٹ گارڈ، ایف سی، رینجرز، میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی، نادرا، پاسپورٹ آفس، وزارت خارجہ، وزارت اطلاعات و نشریات، بیورو آف امیگریشن اینڈ اووسیز امپلائمنٹ کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء نے یونان کشتی حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ انسانی سمگلنگ جیسے گھنائونے جرم کا خاتمہ اداروں کی باہمی تعاون سے ممکن ہے۔ خطے سے انسانی سمگلنگ کا خاتمہ بین الاقوامی تعاون کے بغیر ناممکن ہے۔ اجلاس میں قیمتی زندگیوں سے کھیلنے والے انسانی سمگلروں کے خلاف سخت کارروائیوں کا اعادہ کیا گیا۔ انٹر ایجنسی ٹاسک فورس کی جانب سے انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے پر غورکیا گیا۔ انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ بارڈر پر شہریوں کی نقل و حرکت کے حوالے سے جدید طرز پر نظام متعارف کروانے پر زور دیا گیا۔ انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے الیکٹرونک اور سوشل میڈیا پر آگاہی مہم شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ عوام کی آگاہی کے لئے سول سوسائٹی کے اشتراک سے گوجرانوالہ، منڈی بہائوالدین، گجرات، کشمیر میں سیمینار اور ورکشاپس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ انسانی سمگلرز سے متعلق معلومات کے تبادلے اور افسران کی استعداد کار بڑھانے کے حوالے سے تمام تر کوششیں بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
انٹر ایجنسی ٹاسک فورس کا ساتواں اجلاس‘ انسانی سمگلروں کے خلاف سخت کارروائیوں کا اعادہ
Jun 21, 2023