لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال شاہدرہ کا دورہ کیا۔ شاہدرہ ہسپتال میں دوائیاں تھیں نہ ڈرپ سیٹ، ڈسپرین نہ انجکشن، مریضوں کیلئے اے سی بند جبکہ ڈاکٹرز رومز کے چالو تھے۔ ڈیوٹی ڈاکٹرز بھی وارڈز سے غائب، نرسز کی بجائے مریض بچے کو تیمار دار خود نیبولائز کر رہا تھا۔ ایمرجنسی میں بھی دوائیاں باہر سے منگواتے ہیں اور اے سی چلتے ہی نہیں، مریضوں اور تیمارداروں نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیئے۔ مریضوں کے تیمارداروں نے نگران وزیراعلیٰ کو باہر سے خریدی گئی ادویات کی رسیدیں بھی دکھائیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی ہسپتال کی صورتحال دیکھ کر شدید برہم ہوئے اور ڈیوٹی پر موجود ڈی ایم ایس کی سخت سرزنش کی۔ محسن نقوی نے ایمرجنسی، بچہ وارڈ، فارمیسی، سرجیکل وارڈ، بلڈ بنک سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ وارڈز کے اے سی بند تھے اور مریض گرمی سے بے حال تھے۔ ڈی ایم ایس وزیراعلیٰ محسن نقوی کے کسی سوال کا جواب نہ دے سکا۔ فارمیسی میں ضروری ادویات تک موجود نہ تھیں۔ ٰ محسن نقوی نے کہا کہ شدید گرمی میں اے سی بند رکھنا زیادتی ہے۔شاہدرہ ہسپتال میں صورتحال دیکھ کر بہت افسوس ہوا۔ مریضوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں گے اور اس صورتحال کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم کو فوری طور پر شاہدرہ ہسپتال پہنچنے کی ہدایت کی جبکہ وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر خالد مسعود گوندل بھی شاہدرہ ہسپتال آ کر صورتحال کا جائزہ لینے اور اسے بہتر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ڈاکٹر خالد مسعود گوندل اگلے احکامات تک شاہدرہ ہسپتال میں ہی موجود رہیں۔ علاوہ ازیں محسن نقوی سے تاجر برادری کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور مسائل اور تجاویز سے آگاہ کیا۔ محسن نقوی نے تاجر برادری کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ تاجر رہنماؤں نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کو پنجاب کے پہلے 4ماہ کے لئے ٹیکس فری بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مال روڈ پر جلسے وجلوس پر پابندی کے عدالتی فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور مال روڈ پر جلسے و جلوس پر پابندی کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ محسن نقوی نے بادامی باغ روڈ ترجیحی بنیادوں پر جلد مکمل کرنے کاحکم دیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں گاڑیوں کے رجسٹریشن سسٹم کو اسلام آباد کی طرز پر بہتر بنانے کیلئے فوری اصلاحات لائی جائیں گی۔ملتان روڈ پر ٹریفک کی بہتری اور تجاوزات کے خاتمے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں گے۔ چھوٹے تاجروں کو آسان اقساط پر سولر سسٹم کی فراہمی کی تجویز کاجائزہ لیں گے۔ محسن نقوی نے متعلقہ حکام کوگلبرگ میں مارکیٹس کی روڈز کی تعمیر ومرمت اور سٹریٹ لائٹس کا مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے مارکیٹوں میں پارکنگ پلازے بنانے کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کمشنر لاہور ڈویژن اورمتعلقہ حکام کوبڑی مارکیٹوں میں پارکنگ پلازوں کی تعمیر کیلئے اراضی کی نشاندہی کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے رحیم یار خان میں سیوریج لائن کی صفائی کے دوران مزدوروں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر بہاولپور ڈویژن سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور واقعہ کی تحقیقات کاحکم دیا ہے۔