لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کے انٹرنیشنل ویٹرن ریسلر اکرم خان نیازی نے کہاہے کہ یونان میں ہونے والے ورلڈ مقابلوں کیلئے بھجوایا گیا تو مایوس نہیں کرونگا، پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے عہدیداران کی نااہلی کی بنا پر ویٹرنز میں پاکستان میڈلز سے محروم ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ میری پاکستان سپورٹس بورڈ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن، سپورٹس بورڈ پنجاب، عدلیہ سے اپیل ہے کہ وہ فیڈریشن کو اس بات کا پابند کرے کہ جو بھی کھلاڑی اپنے خرچہ پر جانا چاہتا ہے اس کے راستے میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ کریں، ریسلنگ کی پروموشن کیلئے پچھلے دس سال سے تجاویز دے رہا ہوں کہ فری سٹائل کیساتھ گریکو رومن کشتی کو نیشنل اور انٹرنیشنل لیول پر شروع کرایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے محکمہ جات یا پرائیویٹ سیکٹر کو ٹیمیں بنانے کی اجازت دی جائے تاکہ زیادہ پہلوانوں کے روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔ اکرم نیازی نے مطالبہ کیا کہ دیسی کشتی اور میٹ ریسلنگ کی لیگ کرائی جائیں۔ میں نے ویٹرن ریسلنگ کیساتھ ساتھ اتھلیٹکس میں انٹرنیشنل میڈل جیت چکا ہوں۔