لاہور ( سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے کہا ہے کہ سری لنکا کی گرمی میں ٹیسٹ میچ کھیلنا ایک چیلنج ہوتا ہے اور پروفیشنل کرکٹر ہونے کے ناطے ہم اس چیلنج کو قبول کرتے ہیں اور اس کیلئے ہم خود کو تیار کر رہے ہیں۔انگلینڈ سے ابھی واپس آیا ہوں، وہاں میں وائٹ بال کرکٹ کھیلا، انگلینڈ میں سردی بھی بہت تھی اس لیے واپس آتے ہی ریڈ بال سے ٹریننگ شروع کر دی تاکہ ایشیا کے موسم کے مطابق خود کو ڈھال سکوں، سری لنکا میں ہم نے 2 ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں اور اس کیلئے ہماری تیاری اچھی ہو رہی ہے۔ انگلینڈ کی کنڈیشنز میں کھیلنے کا تجربہ بہت اچھا رہا، وہاں مختلف کنڈیشنز میں کھیلنا چیلنج ہوتا ہے، مستقبل میں یہ تجربہ کام آئیگا۔ ٹیسٹ کرکٹ آسان نہیں ہوتی یہ ایک مختلف چیلنج ہے، دنیا اسی کو اچھا مانتی ہے جو تینوں فارمیٹ میں اچھا کھیل پیش کرتا ہے ، ٹیسٹ ایسا فارمیٹ ہے جس میں آپ کی ہر چیز ٹیسٹ ہوتی ہے،ٹیسٹ کرکٹ میں ہی فٹنس اور سکلز کا پتہ چلتا ہے۔ مجھے جو بھی فارمیٹ ملتا ہے میں انجوائے کرتا ہوں ، میری کوشش ہے کہ میں تینوں فارمیٹ کھیلوں اور اچھا کھیل پیش کروں ،ٹیسٹ میں جب آپ لمبی بائولنگ کرتے ہیں تو پھر اس کا ون ڈے اور ٹی 20 میں فائدہ ہوتا ہے۔