گجرات؍ ڈسکہ؍ گگومنڈی ( نمائندگان) گیپکو کے دعووں کی قلعی کھل گئی ، دن بھر بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی، ٹرپنگ اور فنی خرابی سے گھنٹوں بجلی بند رہی۔ گیپگو حکام کے تمام دعووں کے برعکس شدید گرمی، حبس میں بجلی کی بندش سے شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ شہر ی بجلی کی بحالی کیلئے گیپگو دفاتر میں فون کرتے رہے لیکن کوئی شنوائی نہ ہو سکی۔ ڈسکہ کے شہریوں کی بھی لوڈشیڈنگ سے جان نہیں چھوٹی۔ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے متعدد شہریوں کی فریجوں میں پڑا ہوا قربانی کاگوشت خراب ہوگیا جس کی وجہ سے شہری ایکسیئن واپڈا ڈسکہ اور ایس ڈی اوز سب ڈویژن نمبر1 اور 2 ڈسکہ کیخلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ شہریوں نے بتایا کہ بعض علاقے ایسے ہیں جہاں پر پورا پورا دن اور پوری پوری رات بجلی نہیں آتی۔ اگر کمپلین آفس میں کال کی جائے تو وہ کال اٹینڈ کرنا گوارہ نہیں کرتے اور کبھی کبھار اگر کال سن لیں تو یہ کہہ کر ٹال دیتے ہیں کہ ہمارے پاس عملہ کی کمی ہے اس وجہ سے کمپلین بروقت حل نہیں کرسکتے۔ شہریوں نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے نوٹس لینے کی اپیل کی۔ رابطہ کرنے پر گیپکو ڈسکہ کے عملہ نے بتایا کہ کمپلین زیادہ تھی عملہ کم تھا اس وجہ سے کچھ شہریوں کی کمپلین رہ گئی ہیں وہ جلد ٹھیک کر دیں گے۔علاوہ ازیں وہاڑی مسلم ٹائون میں بھی لوڈشیڈنگ کاسلسلہ جاری رہا۔ دن کے وقت4گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ وقفے وقفے سے بجلی کی بندش سے عوام اذیت میں مبتلا ہیں جبکہ کاروبار تباہ ہو رہے ہیں۔ مسلم ٹائون وہاڑی کے رہائشیوں نے میپکو حکام سے فوری نوٹس لیتے ہوئے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
لوڈ شیڈنگ جاری، کاروبار شدید متاثر، عملہ ٹیلی فون سننے سے گریزاں
Jun 21, 2024