راولپنڈی( اپنے سٹاف رپورٹر سے) عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم ِاسلام کے ممتاز مذہبی وروحانی پیشوا پیر محمدحسان حسیب الرحمن نے کہا ہے حج مسلمانوں کا عالمگیراجتماع اور اتحادِامت کا مظہر ہے۔ اس عظیم فریضے کی ادائیگی کے بعد مسلمانانِ عالم نے سنت ِابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی ادا کی ہے ۔ حضور نبی کریم ؐنے اپنی پوری اْمت کی طرف سے بھی ربِ کریم کے حضور قربانی پیش کی جس سے بڑھ کر تقویٰ والی قربانی کوئی اور ہو نہیں سکتی ہے۔ اْنہوں نے مزید کہا حج کے موقع پر خادمِ الحرمین ِ شریفین شاہ سْلیمان بن عبدالعزیز اور سعودی حکومت کی اْمتِ کے لئے بے شمار خدمات نہایت قابلِ تحسین اور خراجِ عقیدت کے لائق ہیں۔اْمتِ کوفلسطین کے مسلمانوں پر جاری ظلم و جبرکو روکنے کے لئے ایک متفقہ آواز اْٹھانی چاہیے اور اقوام عالم کی توجہ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی جانب مبذول کروانا چاہئیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عیدگاہ شریف میں منعقدہ ماہانہ محفلِ بارہویں پاک سے خطاب کے دوران کیا۔محفلِ پاک سے کثیر تعداد میں علمائے کرام جن میں علامہ حافظ اقبال رضوی،مفتی فیصل حسین نقشبندی،علامہ حسین احمد مدنی،خواجہ وجاہت جمیل اور قاری محمد سلیم شہزاد نے بھی خطاب کیا۔