پی پی کو ساتھ لے کر چلیں گے، مشکلات ڈائیلاگ سے حل ہو سکتی ہیں: وزیر خزانہ  

Jun 21, 2024

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ پی پی کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں بات چیت جاری ہے۔ سلیم مانڈوی والا سینٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کو ہیڈ کر رہے ہیں۔ نجکاری کے معاملے پر مشاورت کے ساتھ چلیں گے، پی پی نے سندھ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا بہترین کام کیا ہے۔ پرامید ہوں پی پی کو ساتھ لیکر چلیں گے، پی پی کا بہت بڑا مداح ہوں جو کام وہ سندھ میں کر رہے ہیں گزشتہ روز بھی وزیراعلیٰ خیبر پی کے سے مثبت بات چیت ہوئی ہے، ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ ملکر، بیٹھ کر معاملات کو حل کرنا چاہئے۔ ساری مشکلات ڈائیلاگ سے حل ہو سکتی ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پی ڈبلیو ڈی کو ہم بند کریں گے۔ خسارے والے ادارے اور وزارتیں نہیں ہونی چاہیں۔ پی آئی اے کی دس سال پہلے نجکاری کر دینی چاہئے تھی۔ ریٹیلرز پر مفتاح اسماعیل کے دور میں ٹیکس لگ جانا چاہئے تھا تاہم جولائی سے ریٹیلرز پر ٹیکس لگ رہا ہے۔ ریٹیلرز کی رجسٹریشن کر رہے ہیں، ان پر ڈائریکٹ ٹیکس لگائیں گے، نان فائلرز  کے نمبر بند کر رہے ہیں، ٹیکس ادائیگی کے بعد نان فائلرز کی سات ہزار سے زائد سمز کھلی ہیں۔ پاکستان واحد ملک ہے جہاں ٹیکس نان فائلرز کی کیٹیگری ہے، ایک سوال پر کہا کہ قربانی کے جانور خریدنے اور بیچنے والے دونوں پر ٹیکس لگنا چاہئے۔ 

مزیدخبریں