اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ وکلا برادری نے آئین کے تحفظ، قانون کی حکمرانی اور بنیادی حقوق کی فراہمی کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے وکلاء کے قتل پر فوری نوٹس لیتے ہوئے احکامات جاری کئے۔ ملزم گرفتار ہے، انصاف ہوتا ہوا سب کو نظر آئے گا۔ مقتول وکلاء کے اہل خانہ کے لئے ابتدائی طور پر فی کس 20 ملین روپے جاری کئے جا رہے ہیں۔ سکیورٹی کے معیارات میں اصلاح کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اٹک ڈسٹرکٹ بار کے زیر اہتمام جاں بحق وکلاء کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ جاں بحق وکلاء ہمارے درمیان ہمیشہ موجود رہیں گے۔ واقعہ کے فوری بعد پنجاب حکومت نے فوری اقدام کئے۔ ملزم کی گرفتاری اور تفتیش کے بعد کسی قسم کی رعایت نہ برتنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے حکومت آپ کو غافل نظر نہیں آئے گی۔ یہ ہمارے لئے ایک ٹیسٹ کیس ہے اور وفاقی و صوبائی حکومتیں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں گی۔ ایسے مواقع پر جو ممکن ہو ضرور کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت کی طرف سے فوری طور پر فی کس 20 ملین روپے ریلیز کئے جا رہے ہیں اور جو کچھ مزید ممکن ہوا کیا جائے گا۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہمیں مل کر سوچنا چاہیے کہ اس طرح کے واقعات کا تدارک کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی پر موجود اہلکاروں کی نفسیاتی سکریننگ کی ضرورت ہے۔ ایک مسلح اہلکار جس کی ہر جگہ پر پہنچ ہو اس کی نفسیاتی جانچ ہونی چاہیے۔ عدالتوں کے احاطہ میں مسلح سکیورٹی اہلکاروں کے لئے ضابطہ اخلاق طے کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔ وکلاء نے ہمیشہ ملک، جمہوریت اور عوام پر مشکل وقت آیا تو متحد ہو کردار ادا کیا۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وکلاء حق کی آواز ہیں اور حق کی آواز کو طاقت سے نہیں دبایا جا سکتا۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ بار پر زور دیا کہ بار میں بعض مقامات کو ملک اسرار اور ذوالفقار مرزا کے ناموں سے منسوب کیا جائے۔ اٹک بار کے مین ہال کو ملک اسرار ایڈووکیٹ اور ذوالفقار مرزا ایڈووکیٹ کے نام سے منسو ب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر قانون نے شہید وکلاء کے اہل خانہ سے کہا کہ حکومت ان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان کی یادگاریں تعمیر کی جائیں گی۔
وکلاء قتل ٹیسٹ کیس، انصاف ہوتا نظر آئے گا، ورثاء کیلئے فی کس 20 ملین: وزیر قانون
Jun 21, 2024