اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) ہائیڈرو گرافی کے عالمی دن 2024ء کے موقع پر چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہائیڈرو گرافی کا عالمی دن (WHD) ہر سال 21 جون کو دنیا بھر میں ہائیڈروگرافی کی اہمیت اور سمندروں کے بارے میں ہمارے علم کو بہتر بنانے اور اس کے کردار کے بارے میں اگاہی کو فروغ دینے کے لیے منایا جاتا ہے۔ بین الاقوامی ہائیڈروگرافک آرگنائزیشن (IHO) کی طرف سے ہائیڈرو گرافی کے عالمی دن 2024ء (WHD -24) کے لیے منتخب کردہ تھیم "ہائیڈروگرافک معلومات - سمندری سرگرمیوں میں حفاظت، کارکردگی اور پائیداری کا فروغ"ہے، جو عصری سمندری امور میں ہائیڈروگرافی کی اہمیت کو واضح کرتا ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق امیر البحر نے اپنے پیغام میں کہا ہے پاکستان کو 1000 کلومیٹر سے زیادہ ساحلی پٹی کے ساتھ ساتھ اس کے خصوصی اقتصادی زون (Exclusive Economic Zone) اور Continental Shelf کے اندر 290,000 مربع کلومیٹر سمندری رقبہ بھی حاصل ہے۔ پاکستان دیگر ساحلی ریاستوں کی طرح بحری جہازوں کو درست سمندری معلومات فراہم کرنے کے لیے ہائیڈرو گرافک سروے اور اپنے پانیوں کے ناٹیکل چارٹس/نقشے تیار کرنے کا ذمہ دار ہے۔ پاکستان کی جانب سے نیشنل ہائیڈروگرافک آفس (NHO) کو یہ کام سونپا گیا ہے۔ اس پس منظر میں، NHO جامع ہائیڈرو گرافک سروے کرتا ہے اور پاکستانی سمندری حدود سے گزرنے والے جہازوں کی بحری حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ سمندری مصنوعات کی باقاعدگی سے اپ ڈیٹنگ کو یقینی بناتا ہے۔ نیشنل ہائیڈروگرافک آفس 1976ء سے نیویگیشن وارننگ جاری کرنے کے لیے کوآرڈینیٹر NAVAREA-IX (جو شمالی بحیرہ عرب، خلیج فارس، بحیرہ احمر پر مشتمل ہے) کی قومی ذمہ داری بھی نبھا رہا ہے۔ یہ ذمہ داری پاکستان کے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے، جو ہمارے ہائیڈرو گرافرز کی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت پر عالمی برادری کے اعتماد کو ظاہر کرتی ہے۔ ہائیڈرو گرافرز نے ہمیشہ سمندری حدود کے تعین اور 2015ء میں اقوام متحدہ سے پاکستان کے 50,000 مربع کلومیٹر کے توسیعی کانٹینینٹل شیلف ایریا کی منظوری لینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ پاک بحریہ اور نیشنل ہائڈروگرافک آفس نے چین کے ساتھ مل کر پہلی بار پاکستان کے مکمل EEZ کی منظم ہائیڈرو کاربن ریسورس میپنگ میں بھی اہم کردار ادا کیا ہ ے۔ آنے والے دنوں میں یہ کوشش سمندر سے تیل اور گیس کی دریافتوں میں سہولت فراہم کرے گی جو قومی معیشت کو فروغ دے سکتی ہے۔ نیول چیف نے کہا کہ پاک بحریہ ہر سال اس دن کو مناتی ہے تاکہ تمام سمندری سرگرمیوں میں ہائیڈرو گرافی کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے جو بالآخر ہماری قومی معیشت میں اپنا حصہ ڈال رہی ہیں۔ آئیے آج کے دن، ہم مل کر ہائیڈروگرافی میں ہونے والی پیش رفت کا جشن منائیں۔
ہائیڈرو گرافی سمندری سرگرمیوں کیلئے معاون، تیل، گیس دریافت میں مدد کرے گی: نیول چیف
Jun 21, 2024