جسٹس (ر) دلاور محمود قبرستان میانی صاحب میں سپردِ خاک، قل آج ہوں گے 

Jun 21, 2024

لاہور (خبرنگار) جسٹس ریٹائرڈ میاں دلاور محمود کی نماز جنازہ گزشتہ روز ابرہیم مسجد میسن روڈ میں بعد نماز عصر ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں معروف وکلاء، ججز، بزنس مین، معززین علاقہ اور صحافیوں سمیت دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، جس کے بعد انہیں میانی صاحب قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ مرحوم معمار نوائے وقت و امام صحافت مجید نظامی (مرحوم) کے انتہائی قریبی دوستوں میں سے تھے۔ جسٹس ریٹائرڈ میاں دلاور محمود (مرحوم) اور معمار نوائے وقت مجید نظامی (مرحوم) نے لاہور کے سینٹرل ماڈل سکول میں اکٹھے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ مرحوم ہائی کوٹ کے جج اور ڈپٹی اٹارنی جنرل پنجاب کے عہدے پر بھی فائز رہے۔ مرحوم کے وارثان میں ایک بیٹا اور دوبیٹیاں ہیں۔ مرحوم کا اکلوتا بیٹا میاں ناظم محمود ABSA بینک سائوتھ افریقہ کا چیف ایگزیکٹو آفیسر ہے جبکہ ایک بیٹی ڈاکٹر اور دوسری بیٹی شعبہ صحافت سے منسلک ہیں۔ واضح رہے کہ جسٹس ریٹائرڈ میاں دلاور محمود گزشتہ چار روز سے اتفاق ہسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ ہارٹ فیل ہونے کے باعث بدھ کے روز خالق حقیقی سے جاملے۔ مرحوم کے قل عصر اور مغرب کے درمیان 37میسن روڈ پر آج ادا کئے جائیں گے۔

مزیدخبریں