اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری25 جون 2024 کو ایک ''آل پاکستان چیمبرز پریذیڈنٹس کانفرنس'' کا انعقاد کر رہا ہے، جس میں امید ہے کہ حکومت کی اقتصادی ٹیم کے وفاقی وزراء اور 70 سے زائد چیمبرز کے صدور شرکت کریں گے۔، آئی سی سی آئی کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ یہ آئی سی سی آئی کا اعزازہے کہ اس نے 2020 میں پہلی اے پی سی پی سی منعقد کی تاکہ تمام چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدور کو ایک پلیٹ فارم پر لایا جا سکے۔ تاجر برادری کے اہم مسائل اور ان کے حل کے لیے حکومت کو تجاویز پیش کیں اور اب ایک بار پھر 25، 26 جون 2024 کو دوسری اے پی سی پی سی کے انعقاد کیلئے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ اس تقریب کا مقصد اہم مسائل پر تبادلہ خیال، اقتصادی ترقی اور ترقی کو فروغ دینے والے اقدامات پر تعاون کرنا ہے۔ کنکلیو میں کلیدی تقاریر، پینل مباحثے، اور نیٹ ورکنگ کے مواقع پیش کیے جائیں گے، جو کاروباری رہنماؤں کو ایک دوسرے کے ساتھ اور پالیسی سازوں کے ساتھ باہمی صلاح مشورے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کی معیشت کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے جس کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں سست روی کا شکار ہیں، اس لیے آئی سی سی آئی نے ضرورت محسوس کی کہ وہ پوری تاجر برادری کی قیادت کو ایک جگہ پر لائے اور جامع کاروباری اور معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے حکومت کو قابل عمل تجاویزپیش کرے۔احسن ظفر بختاوری نے مزید کہا کہ اس موقع پر متعلقہ وفاقی وزراء تاجر برادری کو ملک میں کاروبار کرنے میں آسانی کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات کے بارے میں بھی اعتماد میں لیں گے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ کانفرنس پاکستان کی معیشت کو پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے حکومت اور تاجر برادری کے درمیان مزید اعتماد پیدا کرنے میں اہم پیش رفت کا سبب بنے گی۔
اسلام آباد چیمبر25 جون کودوسری اے پی سی پی سی کا انعقاد کر رہا،احسن بختاوری
Jun 21, 2024