جرمنی نے خطرناک مجرموں کو واپس افغانستان بھیجنے پر غور شروع کر دیا

برلن (این این آئی)مجرموں کو افغانستان بھیجنے کے طریقے تلاش کرنے کے لیے جرمنی غیرفریق ملکوں کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔حکومت کے کچھ سینئر عہدہ دار اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔ حکام نے تیسرے ممالک جیسے کہ ازبکستان کے ذریعے ملک بدری کے امکانات کا جائزہ لیا ہے۔جرمن وزیر داخلہ نینسی فیزر نے کہا کہ جرمنی افغانستان جنگ کا حصہ نہ بننے والے ملکوں کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے تاکہ طالبان کے ساتھ براہ راست معاملات کئے بغیر مجرموں کو افغانستان بھیجنے کے طریقے تلاش کیے جاسکیں۔وزیر داخلہ فیسر نے  بتایاکہ ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں کہ ہم ایک بار پھر خطرناک اسلام پسندوں اور پرتشدد مجرموں کو افغانستان بھیج سکیں۔انہوں نے کہاکہ ہم مختلف ملکوں کے ساتھ خفیہ مذاکرات کر رہے ہیں تاکہ افغانستان بھیجنے کیلئے دوبارہ ملک بدری کے راستے کھولے جاسکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جرمنی کی سلامتی کے مفادات واضح طور پر مقدم ہیں۔2021 میں طالبان کی اقتدار میں واپسی کے بعد جرمنی نے افغانستان میں ملک بدری کو مکمل طور پر روک دیا تھااور کابل میں اپنا سفارت خانہ بند کر دیاتھا۔گزشتہ ماہ ایک 25 سالہ افغان پر، خنجر سے حملے میں ایک پولیس افسر کی ہلاکت کے الزام کے بعد، اس طرح کی ملک بدری دوبارہ شروع کرنے کی بحث پھر سے ابھری ہے۔

ای پیپر دی نیشن