اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے)وفاقی وزیرامور کشمیر ، شمالی علاقہ جات اورسیفران انجینئر امیرمقام نے مہاجرین کے عالمی دن پر پیغام میں کہا ہے کہ عالمی برادری تنازعات حل کرائے تاکہ مہاجرین کا مسئلہ پائیدار بنیادوں پر حل ہو مہاجرین کا عالمی دِن دنیا کو احساس دلاتا ہے کہ انسانوں کو اپنا گھر، وطن اور علاقہ چھوڑنے پر مجبور کرنے والے عوامل سے نجات دلائی جائے انہوں نے کہا کہ گزشتہ 12 سال سے دنیا میں مہاجرین کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے جس پر پوری دنیا کو غور کرنے کی ضرورت ہے فلسطین اور مقبوضہ جموں وکشمیر سمیت دیگر تنازعات کے حل کے لئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو اپنی قانونی ذمہ داری نبھانا ہوگی وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے لاکھوں فلسطینی ہجرت پر مجبور ہوئے، اسرائیلی جارحیت رکوا کر اس ظلم کو روکا جاسکتا ہے مہاجرین کی جان اور حقوق کی حفاظت اجتماعی عالمی ذمہ داری ہے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان مہاجرین کی امداد اور دیکھ بھال کے اعلی معیار کے حوالے سے دنیا کا نمایاں ترین ملک ہے پاکستان چالیس سال سے لاکھوں افغان مہاجرین کی اسلامی اخوت، عالمی قوانین کے مطابق بہترین مہمان نوازی کر رہا ہے
دنیا میں مہاجرین کی تعداد بڑھ رہی جس پر غور کرنے کی ضرورت ہے،امیر مقام
Jun 21, 2024