اسفند یار ڈسٹرکٹ ہسپتال کو ٹیچنگ کا درجہ دلایا جائیگا: گورنر پنجاب

اسلام آباد (  نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اسفند یار ڈسٹرکٹ ہسپتال اٹک کو ٹیچنگ ہسپتال کا درجہ دے کر شہر اور اہل شہر کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا جائے گا۔ ڈسٹرکٹ ہسپتال کی درجہ بندی کے ساتھ گاوں ناڑہ میں انگریز دور کی قائم کردہ ڈسپنسری کو بھی ہسپتال میں تبدیل کرا دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے  شہید کیپٹن اسفند یار کے والد  ممتاز معالج ڈاکٹر سید فیاض حسین بخاری سے گفتگو میں کیا۔ گورنر ہاوس لاہور میں 45 منٹ تک ہونے والی ملاقات میں ڈاکٹر فیاض بخاری نے بتایا کہ جہاں ڈسٹرکٹ ہسپتال کو ٹیچنگ کا درجہ ملنے سے معالجین کی تعداد دوگنا ہوگی وہاں پیچیدہ امراض سے متاثرہ مریضوں کو راولپنڈی اسلام آباد ریفر کرنے سے مستقل نجات مل جائے گی ۔ڈاکٹر فیاض بخاری نے گاوں ناڑہ میں 1923 کی قائم کردہ ڈسٹپری کی بابت بھی سردار سلیم کو بتایا کہ ایک صدی گزرنے کے باوجود ڈسپنسری جوں کی توں ہے، ان کا کہنا تھا کہ اگر ڈسپنسری کو ہسپتال کا درجہ دے دیا جائے تو ناڑہ اور گردونواح میں ساٹھ ہزار افراد کو  گھر کی دہلیز پر طبی سہولتوں کی روشنی مل سکتی ہے ۔گورنر پنجاب سردار سلیم نے ڈاکٹر فیاض کے خوانوادے کی سماجی اور طبی خدمات کی تعریف کی جن سے آج بھی شہر او اہل شہر استفادہ کررہے ہیں آخر میں انہوں نے گورنر پنجاب کو کیپٹن اسفند یار سے متعلق کتاب '' معرکہ بڈھ بیر '' بھی پیش کی۔

ای پیپر دی نیشن