کہوٹہ(نامہ نگار )تحصیل کہوٹہ کے گھنے سرسبز و شاداب جنگلات شدید آگ کی لپیٹ میں آ گئے۔ جنگل نمبر 58اور جنگل نمبر 59کلٹیہ اوترنہ سے ہوتی ہوئی شدید آگ بیور کی طرف بڑھنے لگی۔ ایڈیشنل سیکرٹری جنگلات پنجاب کیپٹن(ر)ظفر عباسی کے گھروں کے قریب آگ نے لمبے لمبے چیل کے درختوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر تا حال دو دن گزرنے کے باوجود موقع پر نہ پہنچ سکے۔ مقامی لوگو ں، ریسکیو 1122کے مقامی عملہ نے اپنی مدد آپ کے تحت دو دن سے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی مگر آگ گزشتہ 50سے زائد گھنٹوں سے بڑھتی جا رہی ہے۔ غیر قانونی کا ٹے گے درختوں ک نشانات مٹانے کے لیئے لکڑی چوروں، ٹمبر مافیا، محکمہ جنگلات کی ملی بھگت سے ہر سال تحصیل کہوٹہ کے گھنے جنگلات میں آگ لگا دی جاتی ہے۔ دریں اثنا کلٹیہ اوترنہ روڈ پر موٹر سائیکل پر اپنے گھر کو جاتے ہوئے دو حقیقی بھائی حیدر نواز عمر 14سال، محمد حاشر عمر 18سال پسران زائد حق نوازآگ کی لپیٹ میں آکر بھری طرح جھلس گئے اور اس دوران ان کا موٹر سائیکل جل کرراکھ بن گیا۔