پنجاب کے پاور شیئرنگ کے معاملے پرحکومت اور پیپلز پارٹی کی مذاکراتی بیٹھک آج پھروزیر اعظم ہاوس میں ہوگی،حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان بجٹ کے معاملے پر ڈیڈلاک برقرار ، پیپلز پارٹی کی مطالبات کی منظوری تک غیر مشروط حمایت سے معذرت ۔وزیراعظم ہاﺅس میں ہونے والی ملاقات میں پیپلز پارٹی کی کمیٹی میں چیئر مین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف شامل ہیںجبکہ کمیٹی میں پنجاب سے ندیم افضل چن اور علی گیلانی بھی پیپلز پارٹی کی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ حکومتی کمیٹی میںسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثنا اللہ، خواجہ آصف اور خواجہ سعد رفیق شامل ہیں۔ مذاکراتی کمیٹی پنجاب کے انتظامی عہدوں کے مستقبل کا فیصلہ کرے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی ملاقات نتیجہ خیز نہیں رہی تھی۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے حکومت کو بجٹ اجلاس میں شرکت اور بجٹ پر ووٹ کی یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔پیپلزپارٹی کا بجٹ اجلاس میں علامتی شرکت کا فیصلہ برقرار ہے۔ پارٹی نے آج کے بجٹ اجلاس کیلئے 4 ایم این ایز کو نامزد کیا ہے۔ شازیہ مری، نفیسہ شاہ، مرزا اختیار بیگ اور شگفتہ جمانی بجٹ اجلاس میں شریک ہوں گے۔۔ بلاول بھٹو نے وزیراعظم کو چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا تھا۔ وزیراعظم کی معاونت احسن اقبال، اسحاق ڈار، محمد اورنگزیب، رانا ثنا اللہ اور سعد رفیق نے کی تھی جبکہ بلاول بھٹو کے ہمراہ یوسف رضا گیلانی، خورشید شاہ، نوید قمر، راجہ پرویز اشرف اور شیری رحمان شامل تھے۔ پیپلز پارٹی نے وزیراعظم سے ترقیاتی منصوبوں کیلئے پی ایس ڈی پی میں مزید فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ بلاول بھٹو نے وفاقی بجٹ پر پیپلز پارٹی کو اعتماد میں نہ لینے کا معاملہ وزیراعظم کے سامنے رکھا تھا۔ پیپلز پارٹی کو وفاقی بجٹ کے حوالے سے اعتماد میں نہ لینے پر بلاول بھٹو نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم سے مکالمے میں کہا کہ پیپلز پارٹی نے ایک معاہدے کے تحت حکومت کی حمایت کی، حکومت نے اس معاہدے پر عمل درآمد نہیں کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو کے بیشتر نکات سے اتفاق کیاتھا اور معاملات کے حل کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں تھیں۔پیپلزپارٹی اور حکومت کی کمیٹیاں ملاقات کرکے معاملات کو آگے بڑھائیں گی۔وزیراعظم نے پیپلز پارٹی کے سندھ سے متعلق مطالبات بھی حل کروانے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
پنجاب کا پاور شیئرنگ معاملہ،حکومت اور پیپلز پارٹی کی مذاکراتی بیٹھک آج پھر ہوگی
Jun 21, 2024 | 16:11