واشنگٹن، کابل (آن لائن+ آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) امریکی ارکان کانگریس نے کہا ہے کہ افغانستان میں استحکام کے لئے پاکستان، امریکہ تعلقات مزید مضبوط بنانا ہوں گے۔گزشتہ روز ایشیا، بحرالکاہل اور مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی کانگریس کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں کانگریس ارکان نے الزام عائد کیا کہ شدت پسند پاکستانی علاقوں سے افغانستان میں حملے کرتے ہیں۔ رکن کانگریس ایلینا روز نے کہا کہ پاکستان امریکی امداد چاہتا ہے تو دہشت گردی کے خلاف مزید کام کرنا ہوگا۔ ایک اور رکن ٹیڈ ڈیوچ نے کہا کہ افغانستان میں استحکام کے لئے پاکستان سے پائیدار تعلقات ضروری ہیں۔ پاکستان کو دہشت گردوں کی کمین گاہیں ختم کرنا ہوں گی۔ ری پبلکن رکن سٹیو کیبوٹ نے کہا کہ پاکستان نے امداد کے بدلے امریکا کو کچھ نہیں دیا۔ ڈانا رورابیکر نے الزام عائد کیا کہ پاکستان امریکہ کا اتحادی نہیں بلکہ دشمن ہے اور اس نے یہ بات بارہا ثابت کی ہے۔ ادھر ڈپی کمانڈر ایساف نک کارٹر نے کہا ہے کہ پاکستان کی اندرونی سیاسی صورتحال نازک دور سے گزر رہی ہے شدت پسندوں کیلئے افغانیوں کو ہم وطنوں کے خلاف استعمال کرنا مشکل ہے افغانستان میں سرد جنگ کے بعد کی صورتحال پیدا نہیں ہونے دیں گے افغانستان کو بین الاقوامی برادری کے ساتھ کی ضرورت ہے افغان فوج کی قابلیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے افغان معیشت 9 فیصد سالانہ بڑھ رہی ہے۔