کراچی کے تاجروں نے پچھلے 5 برسوں میں ٹیکس سے زیادہ بھتہ دیا: عتیق میر

Mar 21, 2013

 کراچی (نوائے وقت نیوز + آن لائن) آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے سابقہ حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی کو بھیانک خواب سے تعبیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نااہل اور بدعنوان حکمرانوں نے پانچ سال میں ملک کو پچاس سال پیچھے دھکیل دیا ہے، کراچی میں تجارت کُش حالات نے پورے ملک کی معیشت کو زبوں حالی کا شکار کر دیا ہے، بدعنوان حکمران معیشت کی شکستہ کمر پر ملکی و بیرونی قرضوں کا پہاڑ لاد کر رخصت ہو گئے۔ کراچی کے تاجروں نے پچھلے 5 برس ٹیکس سے زیادہ بھتہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ بدامنی اور غیر منصفانہ ٹیکس پالیسیوں نے ٹیکس نیٹ تباہ کر دیا، 70 فیصد سے زائد ٹیکس دہندگان نیٹ سے راہِ فرار اختیار کرنے پر مجبور ہو گئے۔ تاجروں نے گذشتہ حکومت کے دوران ٹیکس سے زیادہ بھتہ اور اغوا برائے تاوان کی رقم ادا کی جس کا تخمینہ 100 ارب روپے سے زائد ہے، 150 سے زائد تاجروں کو بھتے کی عدم ادائیگی پر قتل کیا گیا، معاشی حب کا سفینہ کراچی بدامنی کے سمندر میں غرقاب ہو گیا، مجموعی طور پر تجارتی سرگرمیاں 35 تا 40 فیصد تک محدود رہیں، تجارت کو کھربوں روپے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے تاجروں نے بھتے کے خلاف چھ ہڑتالیں کیں لیکن حکومت کی بے حسی کے باعث بھتہ وائرس کی طرح پھیلتا رہا اور حکومتی سرپرستی میں کراچی بھتہ خوروں کی ریاست بن گیا۔

مزیدخبریں