اسلام آباد (اے پی اے ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا مطلب پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنا ہرگز نہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا عوامی مسلم لیگ اور تحریک انصاف کے درمیان دس سیٹوں کی ایڈجسٹمنٹ ہے ہم دس سیٹوں میں ایک دوسرے کیخلاف امیدوار نہیں کھڑا کرینگے۔ میں بنیادی طور پر راولپنڈی سے ہی انتخابات لڑوں گا ۔ ملتان میں الیکشن لڑنے کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ اب فرزند پاکستان بن گیا ہوں ۔ اس ملک میں جاگیرداری نے ملتان اور اس سے ملحقہ علاقوں میں اپنی حکومت بنا رکھی ہے وہاںجاگیردارانہ نظام کو ختم کرنے کے لیے ایک شفاف انتخابات کی لہر چلانی چاہئے میرا مقصد سیٹ حاصل کرنا نہیں انہوں نے کہا کہ میرے پاس ایک جلسے کے لیے بھی پیسے نہیں ہیں عوام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میرا ساتھ دیا ۔ شاہ محمود قریشی کے ساتھ اتحاد کرنے سے متعلق سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ میں مسلم لیگی ہوں اور رہوں گا اگر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنا ہوتی تو اتنی تگ ودو نہ کرتا انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد ایک مسائل کی دلدل اٹھے گی جسے منتخب حکومت نے ختم کرنا ہے۔
مسلم لیگی ہوں، رہوں گا، تحریک انصاف میں جانا ہوتا تو اتنی تگ ودو نہ کرتا: شیخ رشید
Mar 21, 2013