کراچی (وقائع نگار) کراچی بدامنی کیس کے حوالے سے صدر آصف زرداری کے دودھ شریک بھائی سید اویس مظفر المعروف ٹپی نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جواب داخل کرا دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ ایک قانون پسند شہری ہیں اور کوئی عوامی عہدہ نہیں رکھتے سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران درخواست گزار محمود اختر نے ریونیو محکمے اور زمینوں کی خریدوفروخت کے حوالے سے ان پر جو الزامات لگائے وہ جھوٹے اور بے بنیاد ہیں اور ان کی شخصیت اور خاندان کی شہرت کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہیں اور درخواست گزار قانونی کارروائی کے لئے میں اپنا حق محفوظ رکھتا ہے۔ اویس مظفر ٹپی نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے خلاف محمود اختر نقوی کی درخواست خارج کی جائے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں محمود اختر نقوی نے اویس مظفر ٹپی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو شاذر شمعون اور دیگر پر خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام لگایا تھا جس پر عدالت عالیہ نے اویس مظفر ٹپی اور دیگر کو نوٹس جاری کئے تھے۔