”سپریم کورٹ کا حکم“ سندھ حکومت نے 14کنٹریکٹ پولیس افسر فارغ کردیئے

کراچی (آئی این پی) سندھ حکومت نے سپریم کورٹ کے احکامات پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ وسیم احمد سمیت 14کنٹریکٹ پولیس افسروں کو ملازمتوں سے فارغ کر دیا۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سندھ کے چیف سیکرٹری راجہ غلام عباس کی جانب سے گزشتہ روز جواب جمع کرایا گیا کہ 8 مارچ 2013ءکو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے لارجر بینچ جس کی سربراہی چیف جسٹس افتخار چوہدری نے کی تھی انہوں نے حکم دیا تھا کہ وطن پارٹی کیس میں 31,32,33 کا نفاذ کیا جائے گا اور 14 پولیس افسروں بشمول ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ وسیم احمد کو کنٹریکٹ سے فارغ کیا جائے۔ گزشتہ روز چیف سیکرٹری سندھ راجہ علام عباس نے سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرائی جس میں آگاہ کیا کہ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو بھی سمری ارسال کردی ہے ہٹائے گئے افسروں میں پولیس کنسلٹنٹ کیپٹن (ر) سلمان سید محمد‘ رسول بخش ساند‘ کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ سنٹر سعید آباد شوکت علی شاہ‘ پراجیکٹ ڈائریکٹر آئی ٹی مسز تبسم عباسی‘ ایس پی مرزا عبدالمجید‘ ڈی آئی جی سی آئی اے منظور احمد مغل‘ ایس پی محافظ لیفٹیننٹ کرنل ایم اے واحد خان شامل ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن