ڈربن (سپورٹس ڈیسک+نیوز ایجنسیاں) پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چوتھا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ آج کنگزمیڈ، ڈربن میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن ایک بجے شروع ہوگا۔ میزبان جنوبی افریقہ کو پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باﺅلر عمر گل فٹنس مسائل کے باعث جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کے آخری دو میچوں سے باہر ہو گئے۔ شاہد آفریدی مکمل فٹ ہیں اور ٹیم کو دستیاب ہوں گے جبکہ محمد عرفان کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے لیکن ان کی ٹیم میں شمولیت سے متعلق میچ سے پہلے فیصلہ کیا جائے گا۔ ڈربن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ فاسٹ بولر عمر گل ان فٹ ہونے کی وجہ سے سیریز سے باہر ہوگئَے ہیں، شاہد آفریدی فٹ ہیں اور محمد عرفان کی طبیعت بھی پہلے سے بہتر ہے، میچ کی حکمت عملی کنڈیشنز دیکھ کر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے پاس سیریز بچانے کا آخری موقع ہے اور اس میچ کو جیتنے کےلئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانا ہو گی۔ مارو یا مر جا¶ کی حکمت عملی کے تحت میدان میں اتریں گے۔ آج میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کی کوشش کریںگے۔ جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے کہا ہے کہ پاکستان ورلڈ کلاس ٹیم ہے اور سیریز میں کم بیک کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، چوتھا میچ جیت کر سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔ مینجمنٹ ڈربن کی وکٹ سے پریشان ہے تاہم وہ گرین شرٹس سے خوفزدہ نہیں اور چوتھے میچ میں بھرپور مقابلے کےلئے تیار ہیں۔ کرکٹ میں ہر گیم نیا ہوتا ہے پاکستانی ٹیم نے تیسرے میچ میں خوب فائٹ کی تھی لیکن عمدہ کھیل کی بدولت فتح ہمیں نصیب ہوئی۔ فاف ڈوپلیسی کا ان فٹ ہونا بری خبر ہے اور ٹیم ان کی کمی کو محسوس کرے گی لیکن ملر بھی اچھے ہٹر ہیں، امید ہے کہ وہ عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کر کے شائقین کو لطف اندوز کریں گے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان آج شیڈول چوتھا ایک روزہ میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق ڈربن کو گزشتہ دو روز سے کالے بادلوں نے گھیرا ہوا ہے اور اسی وجہ سے دونوں ٹیموں کی پریکٹس بھی متاثر ہوئی تھی، اگر ڈربن میں مزید بادل نہ برسے تو میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن ایک بجے شروع ہو گا۔