انتخابات نہ کرانے والی فیڈریشنز کیخلاف ایکشن لیا جائے : پاکستان سپورٹس بورڈ

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان سپورٹس بورڈ نے اپنی عبوری کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ قومی سپورٹس پالیسی کے تحت اپنے انتخابات نہ کرانے والی کھیلوں کی فیڈریشن کیخلاف فوری ایکشن لیں۔ ذرائع کے مطابق پی ایس بی نے ایک بار پھر چھ فیڈریشنز کو ہدایت کیکہ وہ اتوار تک اس پر عمل کرکے اپنی رپورٹ پیر کو جمع کرائیں، یہ آخری الٹی میٹم ہے جس کے بعد عبوری کمیٹی بااختیار ہو گی کہ وہ ان کیخلاف ایکشن لیں جن چھ فیڈریشنز نے تاحال سپورٹس پالیسی پر عمل نہیں کیا ان میں پاکستان فٹ بال، جمناسٹک، والی بال، جیو جسٹو، شطرنج اور بیس بال شامل ہیں۔ پی ایس بی کی ہدایت کے مطابق ان فیڈریشن پر ایڈہاک لگا دیا جائےگا جس کے بعد پی او اے عبوری کمیٹی از سر نو انتخابات کرائے گی۔ پی ایس بی نے فوری طور پر ان چھ فیڈریشن کی گرانٹ روک دی ہے۔ دریں اثنا پی او اے کی عبوری کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو طلب کر لیا گیا ہے جس میں چھ فیڈریشنز کے مستقبل کے بارے میں اہم فیصلہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں چاروں صوبائی اولمپک ایسوسی ایشنز کے انتخابات کرانے کے بارے میں بھی فیصلہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے انتخابات کے بارے میں بھی فیصلہ کیا جائے گا۔ اس بات کا امکان ہے کہ آئندہ ہفتے چاروں صوبائی اولمپک ایسوسی ایشنوں کے انتخابات کے حوالے سے شیڈول جاری کر دیا جائے گا پہلے مرحلے میں کے پی کے اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشنوں کے انتخابات کرائے جائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن