لاہور (سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے ایگزیکٹو بورڈ میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ کو کمپیٹیشن کمیٹی کا ممبر نامزد کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل ایف آئی ایچ کے ایگزیکٹو بورڈ میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیاءکو ممبر بنایا گیا تھا جو رواں ماہ لوزان میں ہونے والے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے ایگزیکٹو بورڈ میں ملک کی نمائندگی کرنے کے لئے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایف آئی ایچ کی مختلف کمیٹی کے ارکان کی نامزدگی کی گئی تھی جس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ کو ایف آئی ایچ کمپیٹیشن کمیٹی کا رکن نامزد کر دیا گیا ہے۔ بھارت کے بعد پاکستان بھی اب اس کمیٹی کا رکن بن گیا ہے۔ کمپیٹیشن کمیٹی ایف آئی ایچ کے تمام لاجسٹک آئٹمز کی ذمہ دار ہوتی ہے جن میں سالانہ کیلنڈر کے ساتھ ساتھ مختلف ممالک کو ٹورنامنٹ کی میزبانی کے فرائض اور ان کے قواعدوضوابط کے علاوہ ٹورنامنٹس کے طریقہ کار کو متعین کرتی ہے۔ ایف آئی ایچ کمپیٹیشن کمیٹی کے سربراہ آسٹریلیا کے کین ریڈ اور سیکرٹری مارٹن گلیوین ہیں جبکہ دیگر ممبران میں ڈاکٹر مشل گرین، نی کوئے کمہا، میتھاوان یواداس، مسز فلیورین وان ویلزم، کیتھ گورنج، البرٹو بدیکسی اور نریندر بترا شامل ہیں اب اس کمیٹی میں سیکرٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ کی نامزدگی سے پاکستان کو بھی نمائندگی مل گئی ہے۔
آصف باجوہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی کمپیٹیشن کمیٹی کے ممبر نامزد
Mar 21, 2013