چیف الیکشن کمشنرجسٹس ریٹائرڈ فخرالدین جی ابراہیم کےآئندہ دو روز میں قوم سے کئے جانیوالے خطاب کے مسودے میں قوم کو اس بات کا یقین دلایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے تیار ہے،یہ الیکشن ملک کے مستقبل کے لیے انتہائی اہم ہیں جو کہ گیارہ مارچ کو ہونگے۔ خطاب میں کہا گیا ہے کہ ملک کی جمہوری تاریخ میں پہلی مرتبہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کر کے تحلیل ہوئی ہیں ،الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد کرائے ،اس ضمن میں الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں ۔کمپیوٹرائزڈ ووٹر فہرستیں تیار کی گئی ہیں جن میں ووٹرز کی تصویر آویزاں ہوگی اور خالی کالم میں ووٹر انگوٹھے کا نشان بھی لگائے گا۔حساس پولنگ اسٹیشنز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے جبکہ پاک فوج کی خدمات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔ مسودے کے مطابق انتخابی نتائج کو شفاف بنانے کے لیے ریٹرننگ افسران کو انٹرنیٹ کے ذریعے الیکشن کمیشن اسلام آباد سے لنک کیا گیا ہے ،امیدواروں کے گوشواروں کی تصدیق ،ایف بی آر،نیب ،اسٹیٹ بینک اور نادرا سے کرائی جائے گی ،چیف الیکشن کمشنر نے سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شفاف الیکشن کے لیے الیکشن کمیشن سے تعاون کریں جبکہ قوم سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنا آئینی اور جمہوری حق بلا خوف وخطر استعمال کریں۔متن کے مطابق انہوں نے قوم کو یقین دلایا ہے کہ الیکشن شفاف ہونگے اور اگر ایسا نہ ہو سکا تو وہ نہ صرف قوم بلکہ اللہ تعالٰی کے سامنے بھی جواب دہ ہونگے۔ چیف الیکشن کمشنر اپنے خطاب میں انتخابات کے شیڈول کا اعلان بھی کریں گے۔