بلاشبہ پاک چین دوستانہ تعلقات تاریخی اہمیت کے حامل ہیں۔ چین پاکستان کاانتہائی مخلص دوست ہے۔ جس نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ نبھایا ہے۔ زلزلہ ہو یا سیلاب یا کوئی اور قدرتی آفت،چین ہمیشہ پاکستان اور پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ چین نے ہر بین الاقوامی فورم پر ہمیشہ پاکستان کے مؤقف کی تائید کی ہے۔ چین کی دوستی ہر اعتماد پر پورا اُتری ہے اور پوری قوم کو چین کے ساتھ والہانہ دوستی پر فخر ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا حالیہ دورہ چین ان کی تمام تر سیاسی زندگی کا بہترین دورہ ہے۔ اس امر میں کوئی شک نہیں کہ چینی حکومت نے 32ارب ڈالر ز کی سرمایہ کاری کے تاریخی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ اس تاریخی سرمایہ کاری کے پیکیج کا اعلان اس امر کامنہ بولتا ثبوت ہے کہ چینی حکومت مسلم لیگ(ن) کی وفاقی اور صوبائی حکومت پر مکمل طور پر اعتمادکرتی ہے جبکہ گذشتہ دورِ حکومت میں وفاقی حکومت کی جانب سے کرپشن، بدعنوانی اور کمیشن خوری کی وجہ سے نہ صرف پاکستان سے چینی سرمایہ کاروں نے ناراضگی کا اظہار کیا بلکہ متعدد پراجیکٹس میں انجینئرز کو واپس جانا پڑا۔
چین کی جانب سے پاکستان میں کی جانے والی تاریخی سرمایہ کاری کے اعلان سے ملکی معیشت میں استحکام آئے گا۔اس اعلان کے بعد بین الاقوامی سطح پر یہ تاثر بھی گیا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بیشتر مواقع موجود ہیں اور ملکی قیادت ایسے راہنمائوں کے ہاتھ میں ہیں،جن کی اوّلین ترجیح ملک و قوم کی فلاح و بہبود ہے اور وہ اپنے ایجنڈا میںسنجیدہ ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کا حالیہ دورہ چین انرجی کے بحران کے خاتمہ کیلئے کی جانے والی کوششوں کی ایک کڑی ہے۔چار روزہ دورہ میں وزیراعلیٰ پنجاب نے چینی حکام کو توانائی سیکٹر میں مزیدسرمایہ کاری کرنے اورنندی پور منصوبہ کی بحالی سمیت بہاولپور کے قریب سولر پارک کے منصوبے کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔
چینی حکام نے پاکستان کی تاریخ کے پہلے میٹروبس منصوبے کی ریکارڈ ماہ کی قلیل مدت میں تکمیل سمیت متعدد نئے منصوبوں پر ذاتی دلچسپی سے کام کرنے پر محمدشہباز شریف کی تعریف کی اور انہیں ’’دی مین آف ایکشن‘‘قرار دیا۔
اگر چہ وزیراعلیٰ کے اس دورے کا کلیدی مقصد انرجی کے شعبہ میں چینی تعاون حاصل کرنا تھا لیکن اس دورہ میں چینی حکام نے انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور متعدد شعبہ میں ٹیکنالوجی کی فراہمی کے تعاون پر آمادگی کااظہار کیا ہے۔ کاشغر سے لے کر گوادر تک شاہراہ معیشت یعنی اکنامک کوریڈورکے علاوہ چین کی طرف سے لاہور؍کراچی موٹر وے کیلئے سرمایہ کاری کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔
اس وقت پاکستان متعدد بحرانوں کا شکار ہیں۔ ایک طرف دہشت گردی کا عذاب تو دوسری طرف توانائی کا بحران اور معاشی زبوں حالی۔ ایسے مشکل حالات میں قوم کو مسلم لیگ (ن) سے اُمیدیں وابستہ ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اپنی ٹیم کے ہمراہ ملک و قوم کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے شبانہ روز محنت کر رہے ہیں۔
مجھے اس بات کا قوی یقین ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی قیادت اور ان کی ٹیم ماضی کی طرح مستقبل میں بھی نئے تاریخ ساز منصوبوں پر کام جلد مکمل کریں گی۔ موٹروے کی تعمیر ، ایٹمی دھماکے،میٹروبس منصوبہ کی تکمیل،ملک بھر میں انفراسٹرکچر میں بہتری، لیب ٹاپ کی تقسیم ،میرٹ کی بنیاد پرطلبہ کے لیے سکالرشپ سمیت بیشتر منصوبے مسلم لیگ(ن) کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ حالیہ یوتھ فیسٹیول کا انعقاد، توانائی کے بحران کے خاتمہ کے لیے اقدامات،یوتھ لون سکیم، لیپ ٹاپ سکیم، بڑے شہروں میں میٹرو بس کا اجرائ، لینڈریکارڈ کمپیوٹرائزڈ اور متعدد منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اورمیں پُرامید ہوں کہ مسلم لیگ(ن) کی قیادت آئندہ نسلوں کو جلد ہی روشن مستقبل اور ترقی و خوشحالی کی فضا میسر کریں گی۔
شہباز شریف کا کامیاب دورۂ چین
Mar 21, 2014