اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + آن لائن) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں نجکاری کے معاملات زیر غور آئے او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل اور یو بی ایل کے حصص کی فروخت کا معاملہ زیر غور آیا۔ چیئرمین نجکاری کمیشن نے بریفنگ میں بتایا ان 3 اداروں کے 10 سے 20 فیصد حصص فروخت کئے جائیں گے ان تینوں اداروں کے حصص کی فروخت سے 137 ارب روپے حاصل ہو سکتے ہیں۔ مزیں برآں آن لائن کے مطابق پاکستان کے ساحلوں پر جہاز سازی کے نئے کارخانوں کی تعمیر کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ملک میں جہاز سازی کی صنعت کی ترقی کے وسیع مواقع اور صلاحیت موجود ہے، یہ صنعت ملک میں اقتصادی ترقی اور غربت کے خاتمہ میں نمایاں کردار اداکر سکتی ہے، ہماری حکومت کی ذمہ داری ہے شپ یارڈ جیسے صنعتی منصوبوں کو مزید صنعتی ترقی کے لئے عمل میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے وزارت صنعت و پیداوار کو ملک میں اقتصادی سرگرمیاں پیدا کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو ترغیب دینے کی صلاحیت رکھنے والے منصوبوں میں وزارت خزانہ کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔