ڈالر سستا ہو گیا، حج اخراجات بھی کم کئے جائیں: قائمہ کمیٹی

اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے لاڑکانہ میں مندر نذر آتش کرنے اور ہندوئوں کی املاک جلائے جانے کا نوٹس لیتے ہوئے سخت برہمی کا اظہار کیا اور متفقہ  قرارداد مذمت منظور کرتے ہوئے  صوبائی حکومت کو واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کرانے اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی  ہے، کمیٹی نے ڈالر کی قدر میں کمی کے حساب سے حج اخراجات کم کرنے اور حج کرایوں میں کمی لانے کے لئے پی آئی اے اور دیگر متعلقہ حکام کو کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں طلب کر لیا ، اجلاس میں چیئرمین  قائمہ کمیٹی نے انکشاف کیا کہ چار بین الاقوامی ایئر لائنوں نے پی آئی اے کے مقابلے میں 30ہزار روپے کم حج کرایوں کی تحریری آفر کی ہے، کمیٹی نے میٹرک تک ناظرہ قرآن پاک لازمی پڑھانے اور ماسٹرز اور پی ایچ ڈی تک قرآنی تعلیمات کو نصاب میں شامل کرنے بارے جماعت اسلامی کی رکن عائشہ سید، طارق اللہ اور شیر اکبر کا پرائیویٹ ممبر بل بھی آئندہ اجلاس تک موخر کر دیا جبکہ 19ٹور آپریٹرز کو حج کوٹہ الاٹ کرنے کے معاملے کی تحقیقات کے لئے پیر عمران گیلانی کی سربراہی میں چار رکنی سب کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔ قائمہ کمیٹی مذہبی امور کا اجلاس جمعرات کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس میں کمیٹی کے چیئرمین حافظ عبدالکریم کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ کمیٹی کے چیئرمین نے وزارت مذہبی امور کو ہدایت کی کہ   ڈالر کی قدر میں کمی کا فائدہ حج اخراجات میں کمی لا کر عازمین حج کو ٹرانسفر کیا جائے، مجوزہ حج اخراجات میں ریال کی قیمت 31 روپے اندازہ کی گئی تھی جو اب 26 روپے ہو گئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن