لاہور (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل طاہر جاوید خان نے کہا ہے کہ پوری کوشش ہے کہ بھارت سے تعلقات اچھے رہیں، اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ سرحدی خلاف ورزی نہیں ہو گی تو ہم بھی گولی چلانے میں پہل نہیں کریں گے۔ کوئی غلطی سے سرحد پار کر جائے تو واپسی کی ہر کوشش کریں گے۔ بھارتی سرحد کے ساتھ 30 ہزار پھلدار پودے لگائے گئے ہیں۔ مزید برآں میجر جنرل خان طاہر جاوید خان نے کہا ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ماحول کو ٹھنڈا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات کی بہتری کے لئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا پنجاب رینجرز تین سال سے "رینجرز مہم برائے تحفظ جنگلی حیات اور ماحولیاتی بہتری" کا دن منا رہی ہے جسے ری پیڈ 3- کا نام دیا گیا ہے اور اِنشا ء َاللہ آئندہ ہر سال یہ دن اسی جوش اور جذبہ حب الوطنی کے سا تھ منایا جائے گا تاکہ جنگلی حیات کے تحفظ اور ماحولیاتی بہتری کے لئے پنجاب رینجرز اپنا بھرپورکردار ادا کر سکے۔ ڈی جی رینجرز نے گذشتہ روز واہگہ بارڈر پر ہزاروں لوگوںکے ہمراہ جنگلی حیات کے تحفظ اور ماحولیات کی بہتری کے حوالے سے واک کی اور پودا لگایا۔