اشتعال انگیز تقاریر کیس، کالعدم تنظیم کے رہنما ملک اسحاق کی درخواست ضمانت منظور

لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد حمید ڈار کی سربراہی میں قائم ڈویژن بنچ نے اشتعال انگیز تقاریر کیس میں ملوث کالعدم تنظیم کے رہنما ملک اسحاق کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔ فاضل عدالت نے  ملزم کو دو دو لاکھ کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔ سماعت مکمل ہونے پر فاضل عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا جو بعدازاں ڈویژن بنچ نے سناتے ہوئے ضمانت منظور کر لی۔ فاضل عدالت نے گزشتہ روز کیس کی سماعت کی تو ملزم ملک اسحاق کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پولیس نے بھکر میں تقریر کرنے پر پولیس کی ہی مدعیت میں بلاجواز مقدمہ درج کرا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال گزرنے کے باوجود اس مقدمے میں پولیس اہلکاروں کے علاوہ کوئی عام شہری بطور گواہ پیش نہیں ہو سکا۔ جبکہ پولیس کے گواہوں کی سچائی ثابت کرنے کیلئے کوئی تائیدی شہادت بھی موجود نہیں۔ پولیس کے پاس تقریر کے حوالے سے آڈیو ویڈیو ثبوت بھی موجود نہیں ہیں۔ سرکاری وکیل خرم خان نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملک اسحاق نے اشتعال انگیز تقاریر کیں جس پر نقص امن کے خدشے کے پیش نظر مقدمہ درج کر کے ان کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے عدالت سے درخواست ضمانت خارج کرنے کی استدعا کی۔ عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔ بعدازاں فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔

ای پیپر دی نیشن