نئی دہلی (آئی این پی) بھارت کے بین الاقوامی شہرت یافتہ صحافی اور ناول نگار خشونت سنگھ ’’ نروس نائنٹیز‘‘ کا شکار ہو کر 99 سال کے ہو کر چل بسے، خشونت سنگھ گزشتہ کافی عرصہ سے بیمار چلے آ رہے تھے، خشونت سنگھ 2 فروری 1915ء کو تقسیم سے قبل پاکستان کے ضلع سرگودھا کے قصبہ ہڈالی میں پیدا ہوئے، قیام پاکستان کے وقت خشونت سنگھ کا خاندان بھارت چلا گیا تھا، ان کا شمار بھارت کے سینئر ممتاز ترین صحافیوں میں کیا جاتا ہے، خشونت سنگھ کئی کتابوں کے بھی مصنف ہونے کے علاوہ ماہر تاریخ دان بھی تھے۔ خشونت سنگھ بھارت کے کئی اخبارات اور میگزین کے ایڈیٹر رہے، وہ 1980 سے 1986ء تک راجیہ سبھا کے رکن بھی رہے، خشونت سنگھ کو ان کی خدمات پر بھارتی حکومت نے اعلیٰ سول ایوارڈ’’پدما بھاشن‘‘ سے بھی نوازا تاہم بھارتی فوج کی طرف سے سکھوں کے خلاف آپریشن کے دوران گولڈن ٹیمپل پر حملے کے خلاف بطور احتجاج انہوں نے اپنا ایوارڈ واپس کر دیا تھا۔