انتظامیہ کی غفلت سے کھاڑک نالہ مکینوں کیلئے وبال بن گیا‘ قبضہ گروپ بھی متحرک

Mar 21, 2014

لاہور (سروے : عدنان فاروق، تصاویر: گل نواز ) ایل ڈی اے اور واسا کی عدم توجہ کے باعث علامہ اقبال ٹائون نیلم بلاک شروع ہونے والے کھاڑک ڈرین سے ملحقہ سڑک پر قبضہ کے لئے ۔  قبضہ گروپ متحرک ہو گئے۔مولوی فضل الحق روڈ پر نالہ کو کوڑا کرکٹ اور مٹی سے پرکرکے قبضہ مافیاکے سرگرم ارکان نے بلڈنگ میٹریل کا کاروبار شروع کر دیا جبکہ دوسری طرف مختلف ورکشاپ مالکان نے سڑک کے ایک حصہ کو بلاک کرکے دکانوں کے سامنے جگہ کے غیرعلانیہ مالک بن بیٹھے۔ متعلقہ اداروںکی لاپرواہی اور عدم دلچسپی کے باعث برساتی نالہ  پانچ سال بعدگندہ نالہ بن گیا جو  اب علاقہ مکینوں کے وبال جان بن چکا ہے۔’’نوائے وقت‘‘سروے کے مطابق  6کلو میٹر سے زائد طویل کھاڑک ڈرین  70کی دہائی میں بارش کے پانی کے نکاس کے لئے قائم کیا گیا تھا تاہم اسے کچھ سالوں بعد ہی برساتی نالہ کے ساتھ سیوریج کے گندے پانی کے نکاس کے لئے بھی استعمال کیا جانے گا۔ آج کھاڑک ڈرین کا  شمار شہر کے سب سے گندے نکالوںمیں ہونے لگا ہے جس سے علامہ اقبال ٹائون اور سبزہ زار کے مختلف بلاکس کے مکینوںکے لئے پریشانی کا ایک اہم سبب بن چکا ہے۔  جبکہ ایل ڈی اے کے ذمہ داروں کی عدم توجہ کے باعث  1993سے 1996ء کے دوران ایک خیبر بلاک کے سامنے اور نیلم بلاک سے متصل سرکاری اراضی پر قبضہ مافیا نے ساز باز کرکے پختہ تجاوزات قائم کر لی تھیں جو اس وقت مارکیٹ کی شکل اختیار کر چکی ہیں ، اب ایک بار پھر اس سے ملحقہ سڑک پر قبضہ کے لئے مختلف گروہ متحرک ہو چکے ہیں۔ متعلقہ  اداروں کی جانب سے موثر اقدامات نہ ہونے کے باعث قبضہ مافیا نے نیلم بلاک کے سامنے قبضہ کے لئے سرگرم ایک گروہ نے ڈرین کو کوڑا کرکٹ اور مٹی سے پر کرکے بلڈنگ میٹریل کا کاروبار شروع کر دیا تھا ۔ مکینوں نے  بتایا  کہ قبضہ مافیا نے سرکاری اراضی کو ہڑپ کرنے کے لئے پہلا قدم اٹھا دیا اگر متعلقہ اداروںنے کوئی دلچسپی نہ لی تو یقینی طور پر اگلی ہفتہ پختہ تعمیرات ہی ہوگا۔ اگر نالے پر تجاوزات قائم ہو گئیں تو مستقبل میںبارش اور سیوریج کے پانی کے نکاس کا کوئی ذریعہ نہیں رہے گا  ملحقہ آبادیوں پر برسات  میں بارش کا پانی سیلابی پانی بن جائے گا جو سب کچھ ملیا میٹ کر دے گا۔ واسا حکام  نے کہا کہ نالہ سے ملحقہ دونوں  طرف دس دس فٹ ایل ڈی اے کی ملکیت ہے اور واسا اس کی نگران ہے۔ کہیں بھی قبضہ کی صورت میں واسا کا کام ایل ڈی اے کو اس کی رپورٹ کرنا ہے ۔ جہاں بھی ہمیں ایسی صورت نظر آتی ہے واسا اپنی ذمہ داری ادا کرتا ہے ، واسا ذرائع نے مزید بتایا کہ کھاڑک ڈرین کو ایک بار پھر برساتی نالہ بنانے اس کے متوازی سیوریج پائپ لائن بچھوانے کے لئے سٹڈی کی جارہی ہے اور جلد اس حوالے سے فیصلہ متوقع ہے۔

مزیدخبریں