وادی تیراہ: بمباری ،6 دہشت گرد ہلاک، ایک سکیورٹی اہلکار شہید،10 زخمی

Mar 21, 2015

خیبر ایجنسی+ پشاور (آن لائن+ صباح نیوز+ نوائے وقت نیوز) پشاور میں سکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن خیبر ٹو کامیابی سے جاری ہے۔ وادی تیراہ میں بمباری سے 6 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ جھڑپ میں ایک سکیورٹی اہلکار شہید اور 10 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے اہم مورچے خیبر سنگر کا کنٹرول سنبھال لیا۔ پشاور میں سکیورٹی فورسز نے امامیہ مسجد حملے کے ماسٹر مائنڈ فضل کو گرفتار کر لیا۔ سرچ آپریشن کے دوران بیسیوں مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ دہشتگردوں کیخلاف پیش قدمی اور کارروائی جاری ہے۔ انسداد دہشت گردی فورس کے مطابق دہشت گرد فضل کا تعلق کالعدم تنظیم کے ایک گروہ سے ہے۔ گروہ 6 بم دھماکوں، پولیس پر حملوں، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان میں بھی ملوث ہے۔ مزید برآں بلوچستان کے ضلع خاران میں ڈپٹی کمشنر کے قافلے پر حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں 2 لیویز اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔ جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور ہلاک جبکہ ایک کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق دلاوری حملے میں محفوظ رہے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں لیویز فورس اور ایف سی کی مزید نفری طلب کر لی گئی۔ خیبر پی کے اور کوہاٹ میں سرچ آپریشن کے دوران تقریباً 100 افغان باشندوں سمیت 743 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ خیبر پی کے میں پولیس نے 73 افغان باشندے اور 603 جبکہ کوہاٹ میں 25 افغانوں سمیت 140 افراد کو حراست میں لیا۔ خیبر پی کے میں 920 تعلیمی اداروں کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ دیگر جگہوں پر پکڑے جانیوالوں سے اسلحہ برآمد کیا گیا۔ اسکے علاوہ کوہاٹ میں بھی پکڑے جانے والے متعدد ملزموں سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ پولیٹکل انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز نے گذشتہ روز باجوڑ ایجنسی کے پاک افغان بارڈر پر واقع سرحدی علاقے تحصیل ناوگئی میں کارروائی کرتے ہوئے علاقائی ذمہ داری پوری نہ کرنے والوں اور عسکریت پسندوں کے 8 مکانات مسمار کر دیئے۔ باجوڑ ایجنسی کی انتظامیہ نے نامعلوم افراد کے طرف سے تحصیل نواگئی کے علاقے برہ کمانگرہ میں پولیو ٹیم کے ورکروں پر حملے کے پاداش میں کمانگرہ قبائل کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون شروع کیا اورکمانگرہ قبائل کے 8 آٹھ افراد گرفتار اور درجنوں گاڑیاں حراست میں لی گئی ہیں۔ آن لائن کے مطابق ایبٹ آباد میں حساس اداروں کی کارروائی میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔ حساس اداروں نے گزشتہ روز ایبٹ آباد میں جناح روڈ پر کارروائی کی اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا جس کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔

مزیدخبریں