گورڈن کالج کے استاد کے ساتھ جعلی وزیر کی استادی

راولپنڈی (عزیز علوی) جعلساز نے وفاقی وزیر کی آواز میں گورڈن کالج کے پرنسپل کو فون کرکے اردو کے لیکچرار کو ایک لاکھ40 ہزار روپے سے محروم کردیا۔ ذمہ دار ذرائع نے نوائے وقت کو بتایا جمعہ کے روز ایک جعلساز نے گارڈن کالج کے پرنسپل کو فون کیا لیکن پرنسپل ڈاکٹر محمد علی بھٹی کے رخصت پر ہونے کی وجہ سے پروفیسر تاشفین قائم مقام پرنسپل کی ڈیوٹی کر رہے تھے جعلساز نے قائم مقام پرنسپل کو بتایا گیاکہ وفاقی وزیر پلاننگ احسن اقبال بات کریں گے جعلساز نے قائم مقام پرنسپل کو بتایا کہ ہم نے چینی باشندوں کو اردو سکھانی ہے جس کیلئے مجھے اردو کا ٹیچر دیں جسے ہم ڈیپوٹیشن پر لیں گے اسے بنگلہ اور گاڑی بھی ملے گی اس دوران قائم مقام پرنسپل نے اردو ڈیپارٹمنٹ سے اردو کے ٹیچر بلوائے جن میں پہلے وقاص سے بات کرائی گئی تو انہوں نے کال کرنے والے سے کہا وہ اپنے بھائی سے بات کرکے فیصلہ کریں گے جس پر جعلساز نے کہا میری بات پرنسپل سے کرائو جعلساز نے پرنسپل سے پوچھا ان کا بھائی کون ہے تو پرنسپل نے کہا کہ ان کا بھائی بھی سرکاری افسر ہے جس پر جعلساز نے کہا کہ اسے رہنے دیں اس طرح تو ہماری حکومت بدنام ہوجائے گی کہ ہم نے سرکاری افسر کا بھائی ڈیپوٹیشن پر لے لیا ہے، دوسرے ٹیچر فہیم جو رخصت پر تھے ان کو گھر سے بلا کر بات کرائی گئی تو جعلساز نے ان کا انٹرویو لینے کے بعد انہیں او کے کردیا اور ساتھ ہی اکائونٹ نمبر لکھا کر کہا آپ کو جو جی ایل آئی کار دینی ہے اس کی ڈائون پیمنٹ آپ خود ہی فوری اس اکائونٹ میں جمع کرادیں باقی رقم حکومت ادا کردے گی جس پر لیکچرار نے ایک لاکھ40 ہزار روپے جمع کروا دئیے جب اس کی رسید جعلساز کے دئیے گئے فیکس نمبر پر بھیجی گئی تو وزارت کامرس سے کالج فون آگیا اور پوچھا کہ یہ کس چیز کی رسید بھیجی ہے تو گورڈن کالج سے بتایا گیا منسٹر صاحب کے کہنے پر یہ رسید بھیجی ہے جس پر کالج کو بتایا گیا یہ کسی جعلساز کی جعلسازی ہے۔ اس پر کالج انتظامیہ اور متاثرہ ٹیچر سر پکڑ کر بیٹھ گئے ۔

ای پیپر دی نیشن