تہران (آئی این پی+ بی بی سی ) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکہ کے تمام صدارتی ا±میدوار ایران مخالفت میں ایک دوسرے سے سبقت حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ وہ ایران کے دشمن ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی سال نو کے موقع پر ٹیلی ویژن خطاب میں کہنا تھا کہ امریکہ کی پالیسی بڑی کمپنیوں کو ایران سے تجارت کرنے سے روک رہی ہے۔ مغربی ممالک اور مقامات جو امریکہ کے زیر اثر ہیں، ان کے ساتھ ایرانی بینکوں کو رقوم کی منتقلی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ امریکی اپنے وعدے پورے نہیں کررہے ہیں اور صرف کاغذوں کی حد تک ہی پابندیاں اٹھائی گئی ہیں۔امریکہ پر ایرانی بینکوں کو نقصان پہنچانے کا الزام لگایا اور کہا امریکہ مغربی ممالک کے ساتھ ایران کے جوہری معاہدے سے بدعہدی کر رہا ہے۔ امریکہ ایران پر دباو¿ ڈالنے کے لیے اپنے سپر پاور ہونے کا فائدہ اٹھا رہا ہے۔ امریکہ کو ان مسائل کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ انھوں نے امریکہ میں صدارتی امیدوار بننے کی دورڑ میں شامل امیدواروں کے بارے میں کہا کہ وہ اپنی تقاریر میں ایران کو بدنام کرنے کے لیے ایک دوسرے سے بڑھ چڑھ کر بول رہے ہیں اور ان کے مطابق یہ ’دشمنی‘ کی علامت ہے۔