لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے آئین کو توڑنے کے مجرم، نواب اکبر بگٹی قتل کیس اور 12مئی کے قتل عام کے موقع پر مکہ لہرا کر اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے والے پرویز مشرف کو راہ فرار اختیار کرنے کا راستہ دینے سے اب یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ پاکستان میں نظریہ ضرورت آج بھی زندہ ہے، نواز شریف نے تاریخ سے سبق نہیں سیکھا، کئی بار اللہ کے گھر خانہ کعبہ اور روضہ رسول پر حاضری کے باوجود واپس آکر واشنگٹن کی ڈکٹیشن پر عمل کرتے ہیں۔ سندھ کے شہر کنڈیارو میں ”ناموس رسالت کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا سندھ میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، امیروں کے کتوں کا علاج بیرون ملک جبکہ غریب آدمی دو وقت کی روٹی کیلئے پریشان اور ہسپتالوں میں سر درد کی گولی بھی ناپید ہے، اسلئے ان سیاسی پنڈتوں کیخلاف ایک فیصلہ کن جنگ کی ضرورت ہے، عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ حکمران امریکہ کو خوش اور اللہ کو ناراض کرنے میں مصروف عمل ہیں، یہ ہماری دھرتی ماں اور مسجد کا درجہ رکھتی ہے، جماعت اسلامی تمام سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر اس امت کو یکجا کرنے کی جدوجہد کررہی ہے۔ محض چہروں کی تبدیلی کے بجائے نظام کی تبدیلی ضروری ہے۔ دیانتدار قیادت ہی ملک کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے،جب تک اختیار واقتدار دیانتدار قیادت کو نہیں ملتا ملک میں حقیقی تبدیلی نہیں آسکتی، عوام کو ملک اور اپنی آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کی خاطر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کو پیسے کا کھیل بناکررکھ دیا گیا ہے،جس میں غریب کیلئے کوئی جگہ نہیں، ہم ملک سے معاشی اور اخلاقی کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں۔