لاہور( خبر نگار) یوم پاکستان کے حوالے سے سینٹ جان چرچ میں گذشتہ روز تقریب ہوئی ۔ تقریب کا اہتمام شالامار ٹائون انتظامیہ نے کہا تھا ۔ تقریب میں مسیحی برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ تقریب سے ٹی ایم او شالامار ٹائون ملک طارق محمود ، فادر جارج ڈینل ، ہالو لونس ، چیئرمین یونین کونسل 24 لئیق احمد ، وائس چیئرمین عامہ جاوید مغل اور دیگر نے شرکت کی اور خطاب کیا ۔ ملک طارق محمود نے اس موقع پر کہا کہ تحریک پاکستان میں مسیحی بھائیوں نے اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا ۔ تحریک پاکستان میں حصہ لینے والے مسیحی بھائیوں کی قربانیوں کو یاد کرنے اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آج اکٹھے ہوئے ہیں ۔ فادر جارج ڈینیل نے کہا کہ مسیحی برادری پاکستان کی ترقی ، خوشحالی کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی رہے گی ۔ انہوں نے ملک طارق محمود کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔