کسانوں کیلئے ریلیف پیکج نعروں کے سوا کچھ نہیں : منظور وٹو

لاہور(خبر نگار) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ دیپالپور کے علاقوں میں طوفانی بارشوں اور ژالہ باری سے ہزاروںایکڑ مکئی، گندم اور چارے کی فصل کو شدید نقصان پہنچا۔ بہاولداس سے لے کر بومن شاہ، شریف آباد پسیل، بوٹا کوٹ، کری والا، نوانکوٹ، فرید پور جاگیر، 45 ایس پی، پنڈت میسول پور، قلعہ دیوا سکھ، جاگیر آباد، جسوکے سہاگ، عملیے کے سہاگ، رنجو طاہر، باوا طاہر، ٹھٹھہ منصب والا، محمد پور، عدلیکے سہاگ کے علاوہ سینکڑوں دیہات کی مکئی اور گندم کی فصل تباہ ہو گئی ۔ پنجاب حکومت کو فوری طور پر اس کا نوٹس لینا چاہیے اور کاشتکاروں کا اس نقصان سے بچانے کے لئے امدادی پیکج دینا چاہیے، انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے زرعی پیکج پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ زراعت کی تباہی کی صورت میں ملکی معیشت کو برباد کیا جا رہا ہے کسانوں کے لئے حکومتی ریلیف پیکج دعوے اور نعروں کے سوا کچھ نہیں۔ کسانوں کو ریلیف پیکچ کی آڑ میں لا لی پاپ تھما دیا جاتا ہے انہوں نے وزیر اعظم کے کسان پیکج کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ جس گائوں میں سو مستحق لوگ تھے ان کی جگہ پر دو یا تین لوگوں کو کسان پیکج دے کر اپنے پٹواریوں اور ن لیگ کے عہدیداروں کے ذریعے اور منظور نظر افراد کو کسان ظاہر کر کے نوازا گیا۔

ای پیپر دی نیشن