بغداد(آئی این پی ) عراقی افواج نے فلوجہ کے مشرق میں تین اہم علاقے داعش سے آزاد کرا لئے ہیں۔ ادھر عراق میں شیعہ رہنما مقتدیٰ الصدر نے کرپشن کے خلاف اپنی تحریک کو مزید تیز کر دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق، عراقی دارالحکومت بغداد کے انتہائی سکیورٹی والے علاقے گرین زون کے دروازوں کے باہر شعلہ بیان شیعہ رہنما مقتدیٰ الصدر کے حامیوں نے دھرنا دے رکھا ہے۔ شیعہ رہنما کے مطابق اْن کے مظاہروں کا مقصد ملک کے اندر حکومتی حلقوں میں پائی جانے والی کرپشن کا خاتمہ ہے۔ گزشتہ جمعے سے حکومتی انتباہ کے باوجود الصدر کے حامیوں نے وسطی بغداد کے گرین زون کے مرکزی گیٹ کے باہر احتجاجی خیمے نصب کر رکھے ہیں۔ شیعہ رہنما وزیراعظم حیدر العبادی سے ٹیکنوکریٹس پر مبنی حکومت تشکیل دینے کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔