اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی،خبر نگار خصوصی)وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے” سپاٹ فکسنگ“ میں ملوث تمام کرکٹرز کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کی منظوری دے دی۔ وفاقی وزیرِ داخلہ نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ سپاٹ فکنگ میں ملوث کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ان بکیز کے خلاف بھی کاروائی کی جائے جو اس گھناﺅنے کاروبار میں ملوث ہیں۔ اس بات کا فیصلہ وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری داخلہ، ایڈوکیٹ جنرل، نادرا، پی ٹی اے ، ایف آئی اے اور وزارتِ داخلہ کے سینئر افسران شریک تھے۔ ای سی ایل پر ڈالے جانے والے کھلاڑیوں میں شرجیل خان، خالد لطیف، ناصر جمشید، شاہ زیب حسن خان اور محمد عرفان شامل ہیں۔ سپاٹ فکسنگ کے معاملے پر ایف آئی اے حکام کی جانب سے وزیرِ داخلہ کو بتایا گیا کہ خالد لطیف اور محمد عرفان نے ایف آئی اے کو اپنے بیانات ریکارڈ کرا دیے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑی کل اپنے بیانات دیں گے۔ وفاقی وزیرِ داخلہ نے پی ٹی اے حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ کرکٹ میں جوا لگانے اور اسکو فروغ دینے والی تمام ویب سائٹس کو بھی بند کرنے کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں تاکہ اس گھناﺅنے کاروبار کا سدباب کیا جا سکے۔ وفاقی وزیرِ داخلہ نے ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ سپاٹ فکسنگ معاملے کی ہر پہلوسے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں تاکہ پاکستان کا نام بد نام کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی تفتیش میں زیرو ٹالینرنس پالیسی اختیار کی جائے اور کسی بھی ملوث شخص کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔ایف آئی اے حکام نے نادرا بلڈنگ کیس پر اب تک کی پیش رفت سے وزیرِ داخلہ کوآگاہ کیا۔
چوہدری نثار
اسپاٹ فکسنگ میں ملوث تمام کرکٹرز کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری
Mar 21, 2017